
عدالت نے ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی منظور کر لی،جس کی بنیاد پر بشریٰ بی بی کو آج عدالت میں پیش نہیں ہونا پڑا۔
سماعت کے دوران ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکا نے عبوری ضمانت سے متعلق درخواستوں پر سماعت کی۔ بشریٰ بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ جیل سے رہائی کے بعد بشریٰ بی بی کی طبیعت ناساز ہے، جس کے سبب انہیں آج عدالت میں پیش ہونے سے استثنیٰ دیا جائے۔عدالت نے وکیل کی درخواست منظور کرتے ہوئے عبوری ضمانت میں مزید 4 نومبر تک توسیع کر دی۔
بشریٰ بی بی کے وکیل نے یہ بھی کہا کہ آئندہ سماعت پر ضمانت سے متعلق دلائل پیش کروں گا،جس پر عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی تین اور بشریٰ بی بی کی ایک ضمانت درخواست کی سماعت 4 نومبر تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی نے توشہ خانہ جعلی رسیدوں کے کیس میں عبوری ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔ اس کے علاوہ سابق وزیراعظم نے حالیہ احتجاج اور توڑ پھوڑ سے متعلق دو دیگر مقدمات میں بھی ضمانت کی درخواستیں دائر کی ہیں،جن پر بھی 4 نومبر کو سماعت ہوگی۔
یاد رہے کہ یہ کیس توشہ خانہ سے متعلق جعلی رسیدوں کے مبینہ استعمال پر قائم کیا گیا ہے،جس میں بشریٰ بی بی اور عمران خان عدالت سے ضمانت کے ذریعے قانونی تحفظ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔