لاہور پولیس کی کارروائی، شوہر کو قتل کرنے والی خاتون گرفتار
October, 2 2024
لاہور:(سنو نیوز) جوہر ٹاؤن انویسٹی گیشن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے شوہر کو قتل کرنے والی ملزمہ خاتون کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیل کے مطابق لاہور کی جوہر ٹاؤن انویسٹی گیشن پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے گھریلو جھگڑے کی بنیاد پر شوہر کو قتل کرنے والی 25 سال سزا یافتہ عدالتی مفرورہ نازیہ بی بی کو گرفتار کر لیا ہے۔
نازیہ بی بی نے 2021 ء میں اپنے بیٹے کے ساتھ مل کر اپنے شوہر کو قتل کیا تھا۔ یہ گرفتاری انچارج انویسٹی گیشن معظم الیاس چیمہ کی سربراہی میں جدید ٹیکنالوجی اور ہیومین انٹیلی جنس کی مدد سے عمل میں آئی۔
انچارج انویسٹی گیشن معظم الیاس چیمہ کے مطابق نازیہ بی بی کو عدالت نے قتل کے جرم میں 25 سال قید کی سزا سنائی تھی۔
تاہم، نازیہ بی بی نے سزا سنتے ہی پولیس کو چکمہ دیا اور عدالت سے فرار ہو گئی۔
اس کے بعد وہ عدالتی مفرورہ کے طور پر پولیس کو مطلوب رہی، لیکن جدید تحقیقات اور سخت محنت کے نتیجے میں اسے آخرکار گرفتار کر لیا گیا۔
گرفتاری کی کامیاب کارروائی پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہور، محمد نوید نے پولیس ٹیم کے لیے نقد انعام اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔
پولیس کی یہ کارروائی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ایک اہم کامیابی سمجھی جا رہی ہے اور اس سے عوام کے تحفظ کے لیے پولیس کی کوششوں کو تقویت ملے گی۔