بشریٰ بی بی کے ساتھ جیل میں ناروا سلوک کا الزام
October, 1 2024
پشاور:(ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے الزام عائد کیا ہے کہ جیل میں بشریٰ بی بی کو مریم نواز کے احکامات پر تنگ کیا جا رہا ہے۔
بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ ایک باپردہ خاتون کی جیل میں بے جا تلاشی لی جا رہی ہے، یہاں تک کہ انہیں رات کے وقت نیند سے اٹھا کر ان کے سیل کی تلاشی کے بہانے ذہنی اذیت دی جا رہی ہے۔
بیرسٹر سیف نے مزید بتایا کہ بشریٰ بی بی کے بالوں کی بھی تلاشی لی جاتی ہے، جسے انہوں نے انتہائی تضحیک آمیز قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے اقدامات کے ذریعے بانی پاکستان تحریک انصاف، عمران خان، کو دباؤ میں لانے کی کوشش کی جا رہی ہے، لیکن بشریٰ بی بی ان کے ساتھ ثابت قدمی سے کھڑی ہیں۔
مشیر اطلاعات نے کہا کہ موجودہ حکومت میں خواتین کے ساتھ ظلم و زیادتی کی جا رہی ہے اور بزرگ خواتین کو بھی جیل میں قید کر کے ان کی تذلیل کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مریم نواز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اتنا ظلم نہ کریں کہ کل خود اس کا سامنا نہ کر سکیں۔
بشریٰ بی بی پر ہونے والے اس سلوک پر تحریک انصاف کے حلقے شدید تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں اور مطالبہ کر رہے ہیں کہ اس ناروا سلوک کو فوری طور پر روکا جائے۔