وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی نے ثابت کیا ہے کہ پاکستان خطے میں اہم ملک ہے، مسئلہ فلسطین اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف وزیراعظم نے بھرپور آواز بلند کی۔
عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے فلسطینیوں کی نسل کشی، اسرائیل کے جنگی جرائم کو بھرپور انداز میں پیش کیا، وزیراعظم نے عالمی دنیا سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کا احتساب ہونا چاہیے، سوشل میڈیا پر بھی وزیراعظم کی تقریر کو سب سے زیادہ دیکھا گیا، پاکستان نے ہمیشہ امت مسلمہ کے مسائل کے حوالے سے آواز بلند کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی مثبت انداز سے آگے بڑھ رہی ہے، دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے اہم ملاقاتیں کی ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ہم نے واک آؤٹ کیا، وزیراعظم کے واک آؤٹ کے بعد دیگر ممالک نے بھی جنرل اسمبلی سے واک آؤٹ کیا، اسرائیلی وزیراعظم کی تقریر کے وقت ہال تقریباً خالی تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی وزیراعظم نے پاکستان کی حمایت کو خوش آئند قرار دیا، فلسطینی صدر نے امدادی سامان بھیجنے، فلسطینی طالبعلموں کو میڈیکل کالجز میں داخلے کو سراہا، فلسطینی صدر نے کہا کہ پاکستان نے ہر فورم ہمارے حقوق کی بات کی ہے، فلسطینی صدر نے پاکستان کی حمایت کو خوش آئند قرار دیا۔