
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی اور پہلے گروپ راؤنڈ سے ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے بعد کرکٹ ٹیم شدید تنقید کی زد میں ہے۔
پاکستان کو بنگلا دیش کیخلاف آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے میچ اب اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے ہیں جس کے اسکواڈ کے لیے سلیکشن کمیٹی نے پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود اور نئے تعینات ہونے والے کوچ جیسن گلیسپی کے ساتھ مشاورت شروع کردی ہے۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے بنگلا دیش کیخلاف نئے نوجوان کھلاڑیوں موقع دینے کا کہا ہے، جس کے بعد بہت زیادہ امید ہے کہ بنگلا دیش کیخلاف ہونے والی ہوم سیریز میں نئے کھلاڑیوں کو چانس دینا چاہتے ہیں۔
ذرائع پی سی بی کے مطابق فاسٹ باؤلنگ میں عامر جمال، شاہنواز دھانی، خرم شہزاد، نسیم شاہ اور میر حمزہ کی موجودگی میں حارث رؤف ٹیسٹ ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے جبکہ پاکستان کے اسٹار فاسٹ باؤلرشاہین آفریدی کو بھی بنگلا دیش ٹیسٹ سیریز میں آرام دیئے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹی20 اور ون ڈے ٹیم کے کپتان بابراعظم اور انکے دوست شاداب خان کے حوالے سے بھی انہی خطوط پر گفتگو ہو رہی ہے جبکہ ٹیسٹ کپتان شان مسعود ہوم سیریز میں وکٹ کیپر محمد رضوان کو ڈراپ کرکے سابق کپتان سرفراز احمد کو ٹیم میں لانے کے خواہش مند ہیں۔
بنگلادیش کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز میں سلمان علی آغا، عبداللہ شفیق اور سعود شکیل ٹیم کے ایسے کھلاڑی ہیں جن کی فائنل الیون میں شمولیت یقینی ہے۔