جماعت اسلامی کے مختلف شہروں میں احتجاجی دھرنے اور ریلیاں جاری ہیں، جبکہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ اب احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دی جائے گی، اور عوامی مسائل کے حل کے لیے دھرنے اور ریلیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔
لاڑکانہ کے جناح باغ چوک میں جماعت اسلامی کے کارکنان نے دھرنا دے کر احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ حکومت مہنگی بجلی کے خاتمے کے اپنے وعدوں کو پورا کرے۔ احتجاج میں شریک مقررین نے کہا کہ 45 دن گزرنے کے باوجود حکومت نے اپنے کیے ہوئے معاہدے پر عملدرآمد نہیں کیا، جس کی وجہ سے عوام کو بجلی کے بھاری بلوں کی ادائیگی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
اسی طرح تھرپارکر کے علاقے مٹھی میں بھی جماعت اسلامی کی جانب سے ریلی نکالی گئی، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کے شرکاء نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ عوام کو مہنگی بجلی اور آئی پی پیز کے استحصالی نظام سے نجات دلائی جائے۔ کندھ کوٹ میں جماعت اسلامی نے ٹاور چوک پر احتجاجی کیمپ لگایا، جہاں کارکنان نے حکومت کی وعدہ خلافی کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے حکومت کی جانب سے کیے گئے وعدوں پر عملدرآمد نہ ہونے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے عوام کو مہنگائی اور بجلی کے بحران سے نجات دلانے کا وعدہ کیا تھا، مگر اب تک کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اب بات دھرنوں میں ہوگی، ہم مہنگی بجلی اور آئی پی پیز کے خلاف ہر صورت باہر نکلیں گے اور عوام کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
حافظ نعیم الرحمان نے 7 اکتوبر کو فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے سڑکوں پر نکلنے کی اپیل بھی کی اور کہا کہ بے لگام اسرائیل کو جواب دینے کا وقت آ گیا ہے۔ انہوں نے دنیا بھر کے عوام سے اپیل کی کہ وہ ناجائز صیہونی ریاست اسرائیل کے خلاف اپنی آواز بلند کریں اور فلسطینی اور لبنانی مزاحمتی تحریکوں کی حمایت کریں۔
احتجاجی کیمپوں اور ریلیوں میں شریک مقررین نے کہا کہ حکومت نے بجلی کے بلوں میں کمی اور آئی پی پیز سے متعلق عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا، مگر اب تک کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی اتحادی جماعتیں بھی اس وعدہ خلافی پر خاموش ہیں اور عوام کے مسائل کو حل کرنے کی بجائے ان کا گلا گھونٹا جا رہا ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنماوں نے اعلان کیا کہ اگر حکومت نے جلد اقدامات نہ کیے تو احتجاج کو مزید شدت دی جائے گی۔
جماعت اسلامی کی قیادت نے واضح کیا ہے کہ اگر حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں کمی اور آئی پی پیز کے خلاف ٹھوس اقدامات نہ کیے تو وہ احتجاجی تحریک کو مزید تیز کریں گے اور اس کے دائرے کو بڑھا کر ملک گیر سطح پر پھیلائیں گے۔ اس احتجاجی تحریک کے دوران، جماعت اسلامی عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی اور حکومت کو اپنے وعدے پورے کرنے پر مجبور کرے گی۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عوام کا اعتماد بحال کرنے کے لیے حکومت کو فوری اقدامات کرنے ہوں گے ورنہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لیے ہر صورت سڑکوں پر موجود رہے گی۔