مولانا فضل الرحمان بلامقابلہ پارٹی کے صدر منتخب
Molana Fazal ur Rehman
اسلام آباد:(سنو نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کی مرکزی جنرل کونسل نے ایک اہم اجلاس کے دوران مولانا فضل الرحمان کو آئندہ پانچ سال کے لیے بلا مقابلہ پارٹی کا امیر منتخب کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جے یوآئی کی مرکزی جنرل کونسل کے تمام ارکان نے متفقہ طور پر مولانا فضل الرحمن کو  پانچ سال کے لئے بلامقابلہ پارٹی کا امیر اور مولانا عبدالغفور حیدری کو بلامقابلہ جنرل سیکرٹری  منتخب کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان جو ایک تجربہ کار سیاستدان اور جے یو آئی (ف) کے سربراہ کی حیثیت سے کئی دہائیوں سے خدمات انجام دے رہے ہیں، اب پانچویں بار اس منصب پر براجمان ہوں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ مولانا عبدالغفور حیدری کو بھی بلامقابلہ دوبارہ جنرل سیکرٹری منتخب کر لیا گیا ہے۔ ان دونوں رہنماؤں کا انتخاب جے یو آئی کی اندرونی مضبوطی اور استحکام کی علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کی مرکزی جنرل کونسل کا یہ اہم اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں پارٹی کی اعلیٰ قیادت اور کونسل کے تمام ارکان شریک تھے۔ اجلاس کے دوران موجودہ قیادت کی کارکردگی اور پارٹی کی مجموعی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔ جنرل کونسل کے ارکان نے مولانا فضل الرحمان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں آئندہ پانچ سال کے لیے بلامقابلہ امیر منتخب کیا۔

پارٹی کے تمام ارکان نے متفقہ طور پر مولانا فضل الرحمان کی گزشتہ سالوں میں پارٹی کے لیے خدمات اور پاکستان کے سیاسی منظرنامے پر ان کے کردار کی تعریف کی۔ اس موقع پر مولانا عبدالغفور حیدری کو بھی پارٹی کا بلامقابلہ جنرل سیکرٹری منتخب کر لیا گیا، جو کہ پارٹی کی تنظیمی ڈھانچے کی مضبوطی میں ان کی خدمات کا اعتراف ہے۔