چیف جسٹس کیساتھ بدزبانی کا واقعہ ، طلال چودھری کا سخت ردعمل
September, 28 2024
فیصل آباد: (سنو نیوز) کچھ دن قبل چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چودھری نے سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے لوگ جو بدزبانی اور گالم گلوچ کی حمایت کرتے ہیں، ان کے ساتھ صرف ہمدردی کی جا سکتی ہے۔
طلال چودھری نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی ایمانداری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسے جج ہیں جنہوں نے کبھی ذاتی مفادات کے لیے پلاٹ یا دیگر مراعات حاصل نہیں کیں بلکہ ہمیشہ شفافیت کے اصولوں پر کاربند رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے کالے کرتوتوں کو بے نقاب کیا اور عدلیہ کی ساکھ بحال کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ طلال چودھری نے ان لوگوں کی شدید مذمت کی جو چیف جسٹس یا آرمی چیف کے خلاف بدزبانی کرتے ہیں، اور کہا کہ یہ رویہ بالکل ناقابل قبول ہے۔
اس موقع پر انہوں نے وزیراعظم پاکستان کی اقوام متحدہ میں حالیہ تقریر کی بھی تعریف کی، جس میں انہوں نے اسرائیل کے مظالم کی کھل کر مذمت کی اور بھارت کی کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف مضبوط مؤقف اپنایا۔ طلال چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم کی تقریر قابل تعریف ہے کیونکہ انہوں نے عالمی فورم پر نہ صرف کشمیر بلکہ دیگر اہم عالمی مسائل پر بھی پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔
طلال چودھری نے یہ بھی انکشاف کیا کہ کچھ عناصر بانی پی ٹی آئی کے حق میں اسرائیل سے مہم چلا رہے ہیں، جو کہ ڈاکٹر اسرار احمد کے خدشات کی تصدیق کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ لوگ ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور ہر روز پنجاب میں احتجاج کی کال دے کر امن و امان خراب کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ پنجاب میں انتشار پھیلانے کی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور حکومت سختی سے ان عناصر کا مقابلہ کرے گی۔