کراچی: (سنو نیوز) کراچی کارساز حادثہ کیس میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے۔ نتاشا دانش کی فیملی اور جاں بحق باپ بیٹی کے اہلخانہ کے درمیان معاہدہ طے پا گیا، ساڑھے 5 کروڑ روپے سے زائد دیت کے طور پر رقم ادا کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق جاں بحق عمران عارف اور آمنہ عارف کے ورثاء نے حلف نامے تیار کروا لیئے جو آج ملزمہ کی درخواست ضمانت کی سماعت کے دوران پیش کیئے جائیں گے۔ ورثاٗ کی جانب سے ملزمہ کی درخواست ضمانت پر نو اوبجیکشن سرٹیفکیٹ جمع کروایا جائے گا۔ نو اوبجیکشن سرٹیفکیٹ جاں بحق ہونے والے عمران عارف کی اہلیہ کی جانب سے جمع کروایا جائے گا۔ عمران عارف کے بیٹے اسامہ عارف اور انکی بیٹی کی جانب سے بھی نو اوبجیکشن سرٹیفکیٹ جمع کروایا جائے گا۔
حلف نامے میں کہا گیا کہ ہمارے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں اور ہم نے ملزمہ نتاشا دانش کو معاف کر دیا ہے، ہم نے اللہ کے نام پر معاف کیا ہے جو بڑا مہربان اور نہایت رحم کرنے والا ہے، ملزمہ کو ضمانت دینے پر ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے، جو حادثہ ہوا تھا وہ جان بوجھ کر نہیں کیا گیا، ہم نے بغیر کسی دباو کے یہ نو اوبجیکشن سرٹیفکیٹ دیا ہے، ہم نے حلف میں جو کچھ کہا ہے وہ بالکل درست ہے۔