چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ 6 ستمبر کا دن ہماری قومی و عسکری تاریخ میں یوم دفاع وطن کے نام سے ایک نمایاں حیثیت رکھتا ہے، آج کے دن ہماری بری، بحری اور فضائی افواج نے قوم کے شانہ بشانہ لڑتے ہوئے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے تھے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ جنگ ستمبر کے موقع پر قومی اتحاد و یک جہتی کا جو عظیم جذبہ دیکھنے میں آیا وہ ہماری مسلح افواج اور قوم کے لئے سرمایہ افتخار ہے، قومی اتحاد و یکجہتی کے اسی جذبے سے سرشار ہو کر پاک افواج ارضِ ِپاک کی سرحدوں کی نگہبانی کا فریضہ انجام دے رہی ہیں، ہماری مسلح افواج نے معرکہ ستمبر میں جس بے مثال جرأت و بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہر ہ کیا، وہ نہ صرف تاریخ کے ابواب میں سنہری حروف سے رقم ہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ ہیں۔
انہوں نے نے اپنے پیغام میں شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے قران مجید میں سورۃ البقرہ آیت 154 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ "ارشاد باری تعالیٰ ہے (وَلاَ تَقُو لُوا لِمَن یُقتَلُ فِی سبیل اللہ اٗموات بل اٗحیاء ولکن لا تشعرون) ترجمہ : (اورجو اللہ کی راہ میں مارے جائیں انہیں مردہ نہ کہو بلکہ وہ زندہ ہیں لیکن تم اس کا شعور نہیں رکھتے۔)، یہ آیت شہداءکے بلند درجات اور ان پر اللہ کے فضل کی عکاسی کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کے دن ہم پاک فوج کے بہادر افسروں اور جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے مادرِ وطن کے دفاع کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا۔ ہمارے شہداء ہمارے لئے مقدم ہیں اور ہم اپنے شہداء اور انکے اہل خانہ کی حرمت و حفاظت کی ذمہ داری بطریق احسن انجام دینا جانتے ہیں اور دیتے رہیں گے، پاک فوج کا نصب العین ایمان، تقویٰ اور جہاد فی سبیل اللہ نہ صرف ہمارا طرۂ امتیاز ہے بلکہ دشمنوں کے عزائم سے نمٹنے کے لئے ہمارا سب سے بڑا ہتھیا ر بھی ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج دفاع وطن کے لئے پرعزم اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں سے لیس ہے، ہما را ہر افسر اور سپاہی جذبہ ستمبر کو دل میں بسائے ہوئے پاکستان کی سلامتی اور تحفظ کا فرض نبھا رہا ہے، جس جرأت اور جوانمردی کے ساتھ پاک افواج اورعوام نے دہشت گردی کے ناسور کا مقابلہ کیا ہے اور اب بھی کر رہے ہیں دنیا بھر میں اس کی مثال نہیں ملتی۔
جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ دہشت گردی کے عفریت کو جس بہادری اور جوانمردی سے ہماری افواج نے قابو کیا ہے وہ کامیابی کسی اور ملک کی فوج کو نہیں مل سکی، آج اس سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں کی بدولت پاکستان عدم استحکام کا شکار ہونے سے محفوظ ہے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ ڈیجیٹل دہشت گردی اور فیفتھ جنریشن جنگ نئے چیلنجز کے طور پر سامنے آ رہے ہیں ، روایتی دہشت گردی کے برعکس ڈیجیٹل دہشت گردی زیادہ خطرناک اور پیچیدہ ہے، ملک دشمن عناصر اور غیر ملکی اداروں کے اشتراک نے ڈیجیٹل دہشت گردی کو مزید پیچیدہ اور خطرناک بنا دیا ہے۔