ڈی جی آئی ایس پی آر آج اہم پریس کانفرنس کریں گے
DG ISPR Lieutenant General Ahmed Sharif Chaudhry
راولپنڈی: (سنو نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری آج دن 2 بج کر 15 منٹ پر اہم پریس کانفرنس کریں گے جس میں داخلی سلامتی، دہشت گردی کے خلاف کئے جانے والے اقدامات اور دیگر امور پر بریفنگ دی جائے گی۔

 یاد رہے گزشتہ ماہ 5 تاریخ کی پریس کانفرنس میں ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان آرمی عوام کے لیے سماجی اکنامک پروجیکٹس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہے جب کہ 9 مئی سے متعلق فوج کے مؤقف میں کوئی تبدیلی آئی ہے، نہ آئے گی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ڈیجیٹل دہشت گردی کے خلاف جو پہلا دفاع ہے جس سے اس کو قابو کرنا ہے، اس کا تدارک کرنا ہے، وہ ہے قانون، بد قسمتی سے آپ کے سامنے ہے کہ جو جھوٹ ہے، پروپیگنڈا ہے، میڈیا پر کسی حد تک، سوشل میڈیا پر بڑی حد تک، بہت زیادہ کیا جاتا ہے، فیک نیوز، جھوٹ بولے جاتے ہیں، اس کے خلاف اس طرح سے رستہ نہیں بنا رہا، جس طرح سے اس کو بنانا چاہیے۔

انہوں نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا تھا کہ تاہم افواج پاکستان اس معاملے پر بہت کلیئر ہے، اس لیے جو افواج اور عوام میں خلیج ڈالتا ہے، پروپیگنڈا کرتا ہے تو فوج اس کے خلاف ضروری قانونی کارروائی کرے گی، بیرونی ملک بیٹھ کر پروپیگنڈا کرنے والے بے ضمیر لوگ چند پیسوں کے لیے اپنی ریاست، اپنے اداروں اور اپنے عوام کے خلاف پروپیگنڈا کرتے ہیں۔

اس سے قبل 22 جولائی کو کی گئی پریس کانفرنس کے دوران میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا تھا کہ عزم استحکام فوجی آپریشن نہیں مہم ہے، ایک سیاسی مافیا اس کے خلاف کھڑا ہوگیا ہے۔