محمود خان اچکزئی کا حکومت کی ہر قیمت پر چھٹی کرانے کا اعلان
Mehmood Khan Achakzai, leader of Pakistan Constitution Protection Movement and head of Pakhtunkhwa Milli Awami Party
اسلام آباد: (سنو نیوز) تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنما و پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے حکومت کی ہر قیمت پر چھٹی کرانے کا اعلان کر دیا۔

تحریک تحفظ آئین پاکستان نے بلوچستان کے مسائل اور ملک میں عدم استحکام پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنی انا سے باہر نکلے کیونکہ بلوچستان میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کے لیے اس وقت سنجیدگی کے ساتھ بیٹھک کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہم نے یہ مناسب سمجھا کہ ہم اپنی طرف سے آل پارٹیز کانفرنس نہیں بلائیں گے، تمام جماعتوں سے مشورہ کر کے اس حوالے سے فیصلہ کریں گے تاکہ ہم سب اس پر متفق ہوں اور کوئی غیرحاضری نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ اگر حکومت ہوش کے ناخن لے کر آل پارٹیز کانفرنس بلاتی ہے اور ہم سب مل کر اپنی غلطیوں کا ازالہ کرتے ہیں تو پھر حکومت مخالف تحریک شروع نہیں کریں گے، پہلے کوشش کریں گے کہ بات چیت سے معاملہ حل ہو ورنہ ہم زور زبردستی سے لائی گئی اس حکومت کی ہر قیمت پر چھٹی کرائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آل پارٹیز کانفرنس بلانے کے لیے ہماری کمیٹی لوگوں سے ملے گی اور کچھ دنوں میں پاکستان کے لوگ اچھی خبریں سنیں گے۔