گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور جمعیت علمائے اسلام کے رہنماء اور سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی کی ملاقات ہوئی جس میں سیاسی معاملات اور صوبہ میں امن کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سابق وزیر اعلی اکرم خان درانی کی صحت یابی کی دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخواہ کے حقوق کے حصول اور مشکلات کے ازالہ کے لیئے سیاسی جماعتوں کا اتحاد ضروری ہے، موجودہ صوبائی حکومت نے صوبہ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، صوبہ میں بدامنی انتہائی تشویشناک صورتحال اختیار کر چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جنوبی اضلاع میں عوام دن کے وقت بھی سفر سے گریز کر رہے ہیں، شاہراہوں پر مسلح افراد کا راج ہے، یونیورسٹیوں کا ماحول بگڑا ہوا ہے، یونیورسٹیوں کو پرائیویٹ یونیورسٹییوں جیسے معیار پر لایا جائے، اسمبلی میں بل لایا جائے کہ بیوروکریٹس کے بچے سرکاری سکولوں میں پڑھیں، اس کے علاوہ تعلیمی نظام بہتر نہیں ہوسکتا۔
زاہد اکرم درانی نے کہا کہ صوبہ کے حقوق کے لیے سیاسی جماعتوں سے رابطے گورنر کا مستحسن قدم ہے، صوبہ میں بدامنی اور عوامی مسائل میں اضافہ نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔