September, 3 2024
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے نجکاری سمیت اداروں کی تحلیل و ملازمین کو ریٹائرڈ یا ملازمت سے برخاست کرنے کے حوالے سے ممکنہ احتجاج روکنے کیلئے سرکاری ملازمین پر بغیر اجازت سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی لگا دی اور سرکاری دستاویز کو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے والوں کیخلاف محکمانہ کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن احکامات کے مطابق کوئی ملازم منظوری کے بغیر میڈیا پر کوئی بیان نہیں دے سکتا ہے اور نہ کسی ٹی وی اور ریڈیو پروگرام میں حصہ لے سکتا ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن احکامات کے مطابق کوئی ملازم پاکستان کی سالمیت اور حکومتی و سرکاری پالیسی کے خلاف بیان نہیں دے سکتا ہے، ملازمین مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک، ٹویٹر، انسٹا گرام، مائیکرو بلاگنگ، ویب سائٹس اور آن لائن ایپس پر بیانات اور پوسٹیں شائع کر رہے ہیں جو کہ قواعد کے برعکس ہے۔
احکامات کے مطابق مذکورہ قواعد کا اطلاق ملازمین کے عوامی اجتماعات میں تقاریر کرنے اور اخبارات میں آرٹیکل لکھنے پر بھی ہوتا ہے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن احکامات کے مطابق قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے ملازمین کے خلاف ای اینڈڈی قواعد 2020 کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے مذکورہ ہدایت نامے پر عمل درآمد کیلئے وفاقی سیکرٹریز، ایڈیشنل سیکرٹریز، محکموں کے سربراہان اور چیف سیکرٹریز کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔