پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکسز کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش
قومی اسمبلی اجلاس کے دوران پٹرولیم مصنوعات پہ ٹیکسز اور لیوی کی تفصیلات ایوان میں پیش کر دی گئیں۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) قومی اسمبلی اجلاس کے دوران پٹرولیم مصنوعات پہ ٹیکسز اور لیوی کی تفصیلات ایوان میں پیش کر دی گئیں۔

وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک نے پٹرولیم مصنوعات پر وصول کیے جانے والے ٹیکسز اور لیوی سے متعلق تفصیلات ایوان میں پیش کر دیں۔

وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے بتایا کہ پٹرولیم لیوی اور کلائمنٹ سپورٹ لیوی 1961 آرڈیننس کے لیگل فریم ورک کے تحت اکٹھی کی جاتی ہے، فرنس آئل پر پٹرولیم لیوی اور سی ایس ایل یکم جولائی 2025 سے نافذ کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 75 روپے 41 پیسے فی لٹر پٹرولیم لیوی لی جا رہی ہے، پٹرول پر 79 روپے 62 پیسے پی ایل اور ڈھائی روپے سی ایس ایل وصول کی جا رہی ہے، پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر دس فیصد کسٹم ڈیوٹی بھی لی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایل این جی کی قیمتوں میں 5 فیصد سے زائد کمی

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نئے نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت 253 روپے 17 پیسے فی لٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 257 روپے 08 پیسے فی لٹر برقرار رہے گی۔

خیال رہے کہ اس سے پہلے خبر سامنے آئی تھی کہ پٹرول کی قیمت میں 4 روپے 59 پیسے فی لٹر کمی کا امکان ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 2 روپے 70 پیسے فی لٹر سستا ہو سکتا ہے، اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی ایک روپیہ 82 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 2 روپے 8 پیسے فی لٹر تک کمی کی خبریں سامنے آئی تھیں۔