بجلی کا بل کیسے ادا کروں؟ 2 اور شہریوں نے خودکشی کرلی
 بجلی کا بل کیسے ادا کروں؟ 2 اور شہریوں نے خودکشی کرلی
علی پور چٹھہ: (ویب ڈیسک) بھاری بجلی بلوں کی عدم ادائیگی پردو اور شہریوں نے خود کشی کرلی۔

علی پورچٹھہ کے نواحی علاقے کیلاسکے کے رہا ئشی 70 سالہ صادق بٹ کی گھر میں اکثر ناچا قی رہتی تھی۔ گزشتہ روز بجلی بل ادائیگی بارے کافی جھگڑا ہوا تو وہ دلبرداشتہ ہو کر گھر سے نکل گیا اورنہر لوئر چناب کے پل پر کھڑا ہو کر نہر میں چھلانگ لگا دی۔

راہگیروں نے ریسکیو 1122کو اطلاع دی کہ معمر شخص نے خودکشی کر لی ہے جس پر ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لاش تلاش کر کے پولیس تھانہ علی پورچٹھہ کے حوالے کردی۔

بی پلاٹ پیرمحل کے رہائشی عاطف ولد عبدالقیوم نے بجلی کا بل ادانہ ہونے اور معاشی حالات سے تنگ آکر زہریلی گولیاں نگل کر زندگی کا خاتمہ کرلیا، متوفی 3 بچوں کا باپ تھا اورکرایہ کے مکان میں اپنے بیوی بچوں کے ہمراہ رہائش پذیر تھا۔

واضح رہے کہ بھاری بجلی بل کے معاملے پر چند روز قبل گوجرانوالہ کے علاقے میں معمرخاتون نے نالے میں کود کر زندگی ختم کر لی تھی جبکہ بڑے نے چھوٹے بھائی کی جان لے لی تھی۔