لاہور میں بارش کا 44 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، سڑکیں تالاب بن گئیں
Image
لاہور میں 44 سال کا بارش کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔ شدید بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع، گلیاں اور سڑکیں تالاب بن گئیں۔

 تفصیلات کے مطابق کمشنر لاہور زید بن مقصود نے واسا ہیڈ آفس اور شہر کا دورہ کیا اور نکاسی آب آپریشن کا جائزہ لیا۔ انہوں نے زیادہ بارش ہونے کے بعد شہریوں سے خبردار رہنے کی اپیل کر دی۔

کمشنر لاہور زید بن مقصود کا کہنا ہے کہ والدین بچوں کو کھلے جمع بارشی پانی میں نہ نہانے دیں، کوئی بجلی کی تار خدا نخواستہ پانی میں گر سکتی ہے، شہری بغیر ضرورت کے سفر سے احتراز کریں، شدید بارش کی نکاسی کیلئے آپریشن جاری ہیں۔

زید بن مقصود نے کہا کہ ٹریفک پولیس کو جمع بارشی پانی چوکوں سے ٹریفک روانی کو قائم کرنے کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں، شہری بجلی کے کھمبوں پولز سے دور رہیں، لیسکو کو متحرک کر دیا ہے، ان کی ٹیمیں گلیوں اور چوکوں میں چیکنگ کر رہی ہیں۔

کمشنر لاہور کو ایم ڈی واسا نے نکاسی آب آپریشن کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ زید بن مقصود نے کہا کہ لاہور کے بیشتر علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی ہے، ابھی بھی جاری ہے، واسا ٹیمیں فیلڈ میں پوری استعداد سے کام کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نکاسی آب کیلئے تمام علاقوں پر یکساں فوکس ہے، تمام انتظامیہ فیلڈ میں موجود ہے، نکاسی آب کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، تمام سورنگ پوائنٹس،جمع بارشی پانی نکاسی کیلئے ضروری مشیینری مکمل صلاحیت سے کام کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ واسا کی ایمرجنسی ریسپانس کیمپس اور فیلڈ سٹاف نکاسی آب کیلئے شہر میں متحرک ہے، فیلڈ میں کام کرنے والی مشینری کے جنریٹرز کو مکمل نکاسی آب  ہونے تک مکمل فعال رکھا جائیگا، سورنگ پوائنٹس و نشیبی پر مکمل فوکس ہے، افسران فیلڈ میں مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔

دوسری جانب پی ڈی ایم اے پنجاب نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی کہ صوبے بھر میں موسلا دھار بارشوں کے پیشِ نظر شہری احتاطی تدابیر اختیار کریں، سرکاری و نجی دفاتر ورک فرام ہوم کو ترجیح دیں۔

انہوں نے کہا کہ خراب موسم کی صورتحال میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ ایمرجنسی کی صورت میں چھتری اور رین کوٹ لازمی اپنے ساتھ رکھیں۔ گاڑی کی رفتار کم رکھیں، اچانک ٹرن اور بریک مارنے سے گریز کریں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ برقی آلات کو اَن پلگ کر دیں، بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے دور رہیں۔ برسات کے موسم میں غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے جانی و مالی نقصان ہو سکتا ہے۔ احتیاطی تدابیر اختیار کر کے کسی بھی حادثے سے بچا جا سکتا ہے۔

عرفان علی کاٹھیا نے مزید کہا کہ عوام الناس سے التماس ہے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔ بچوں کو نشیبی علاقوں میں جمع پانی میں ہر گز نہانے نہ دیں۔ چھتوں کی صفائی، مرمت اور نکاسیِ آب کو یقینی بنائیں۔ بوسیدہ مکانات اور مخدوش عمارتوں میں رہائش ہر گز نا رکھیں۔