دسمبر میں پی ٹی آئی کی حکومت ہوگی: اسد قیصر
Image
مردان: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اسد قیصر نے کہا شہباز شریف اور مریم نواز اپنا بوریا بستر گول کر لیں، دسمبر میں پی ٹی آئی کی حکومت ہوگی۔

سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے مردان میں وکلاء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی فارم 47 کی اسمبلی ہے، اعظم نذیر تارڑ جس قسم کی قانون سازی کر رہے ہیں اس سے سپرمیسی آف لا متاثر ہو رہا ہے، مہنگائی اور بجلی بلوں میں اضافے کیخلاف 5 اگست کو نکلیں گے۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز کے ایگریمنٹ والوں کے نام قوم کے سامنے لائیں، ملک میں قانون اور آئین کی بالادستی انتہائی ضروری ہے، موجودہ اسمبلی جو قانون سازی کرے گی اس کی کوئی حیثیت نہیں۔

دریں اثنا لاہور میں عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر اعجاز چودھری نے کہا واحد پارلیمنٹیرین ہوں جو غلط کیس میں ڈالا گیا، میرے پروڈکشن آرڈر دو بار جاری ہوئے، ایک بار مرزا آفریدی اور ایک بار راجہ پرویز اشرف نے پروڈکشن آرڈر جاری کیے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ملک کے اندر طاقتور حلقے ہیں، انہوں نے نہیں جانے دیا، یوسف رضا گیلانی کے رویے پر حیرت ہے کہ انہوں نے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کیے، ان کے ہاؤس کا ایک ممبر جیل میں بے گناہ بند ہے اور ان کو فرق نہیں پڑتا۔

اعجاز چودھری نے کہا کہ حافظ نعیم نے جماعت اسلامی کو نئے سرے سے کھڑا کیا ہے، تحریک انصاف کے کارکنان جماعت اسلامی کے ساتھ شریک ہوں۔

اس موقع پر میاں محمود الرشید نے کہا میری ذاتی رائے میں نئے انتخابات کی بجائے فارم 45 کھولنے پر زور دینا چاہیے۔ نئے انتخابات کے حوالے سے پارٹی جو فیصلہ کرے گی وہ ہمیں قبول ہوگا۔

9 مئی کے مقدمات میں عدالت پیش ہونے والے رہنماؤں سے ملاقات کے موقع پر اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی احمد خان بھچر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا دسمبر تک قوم الیکشن کیلئے تیار رہے، پانچ اگست سے نئی تحریک شروع ہو گی، ہمیں افسوس ہوا یہ ہمارے قائدین کے ساتھ ظلم کر رہے ہیں۔