
گروپ بی کا میچ جو سینٹ لوشیا میں کھیلا گیا اس میں کینگروز نے ٹاس جیت کر اسکاٹ لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
اسکاٹ لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے۔
اسکاٹ لینڈ کی جانب سے برینڈن ممکولن نے 60رنز جبکہ کپتان رِچی بیرنگٹن نے 42 اور جورج منسی نے 35 رنز کے اسکور کیے۔
آسٹریلیا کی جانب سے گلین میکسویل نے 2وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایگر، الیس اور زمپا نے ایک ایک کھلاڑی کا شکار کیا۔
ہدف کے تعاقب میں کینگروز نے مطلوبہ اسکور 19.4 اوورز میں حاصل کیا، آسٹریلیا کی جانب سے ٹریوس ہیڈ 68 اور مارکس اسٹوائنس 59 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
اسکاٹ لینڈ کی جانب سے صفیان شریف اور مارک واٹ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
گروپ بی میں آسٹریلیا اپنے تمام میچ جیت کر نمبر ایک پر ہے اور اس میچ سے قبل ہی آسٹریلیا سپر8 مرحلے میں پہنچ چکا تھا۔
آسٹریلیا کے میچ جیتنے اور اسکاٹ لینڈ سے رن ریٹ بہتر ہونے پر سابق دفاعی چیمپئن انگلینڈ بھی سپر 8 مرحلے میں پہنچ گیا ہے۔