امیر جماعت اسلامی نعیم الرحمان نے حکومت کو خبردار کر دیا
Image
لاہور: (سنو نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت نے عوام دشمن بجٹ پیش کیا، بجٹ میں لگائے گئے ظالمانہ ٹیکس واپس لیےجائیں، بجلی پر عائد مختلف ٹیکسز کسی صورت قابل قبول نہیں۔

 امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے لیسکو آفس کے باہر دھرنا کیمپ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی نے غریب آدمی کی زندگی اجیرن کر دی، ہمارا مطالبہ ہے کہ سلیب سسٹم ختم کرو، بجلی کی قیمت کم کی جائے، ریلیف عوام کو براہ راست دیا جائے۔

 

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ کیپسٹی چارجز پر قوم وہ پیسے ادا کر رہی ہے جو بجلی بنتی نہیں، یہ احتجاجی کیمپ ہے 12 جولائی کو اسلام آباد میں شاندار دھرنا ہونے جا رہا ہے، جماعت اسلامی کے کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، عوام کے اہم ترین مسئلے پر آواز بنے ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کریں گے، ابھی اعلان ہی کیا ہے حکومت کی جانب سے پیغامات آنے لگے ہیں عوام کو 50 ارب کا ریلیف دیں گے، کروڑوں اربوں روپے اشتہارات کی مد میں دیئے جا رہے ہیں۔

 

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے سلیب سسٹم ختم کریں، سارے ٹیکسز ختم کریں، یہ سب قابل قبول نہیں ہے، پھر سولر سسٹم دینے کے اعلانات کیے جا رہے ہیں، مطالبہ یہ ہے عوام کو سستی بجلی دیں، ن لیگ کا یہ وطیرہ ہے، یہ مسئلے پر پردہ ڈالنے کے لیے نئے منصوبے بتانا شروع کر دیتی ہے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ لوگوں نے بجلی کے بلوں سے تنگ آکر سولر سسٹم لگایا تو جو بجلی کی پروڈکشن اور کھپت کا گیپ ہے اس کے بھی پیسے عوام سے نکلوائیں گے، یہ ساری گیم آئی پی پیز کے لیے ڈالی گئی ہے، آئی پی پیز پر کیوں نظر ثانی نہیں کی جا رہی۔

 

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کل جاگیر داروں کے بہت بڑے نمائندے آصف علی زرداری نے باتیں کی ہیں، پوچھا جائے آصف علی زرداری نے کتنا ٹیکس دیا ہے، غریب کی جیبوں سے پیسے نکال کر امیر طبقے کی مراعات پوری کی جا رہی ہیں، تنخواہوں میں ٹیکسز، بجلی اور گیس کے بلوں کو مسترد کرتے ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ نالائقی، نااہلی اور کرپشن تمہاری ہے سزا ہم بھگتیں، بجٹ میں پراپرٹی ٹیکس سے چند لوگوں کو استثنی دیں اور عوام پر ٹیکس لگائیں یہ طبقاتی نظام ہے یہ ناقابل قبول ہے، کہتے ہیں آئی ایم ایف کا بجٹ ہے پاکستان کو غلام بنایا جارہا ہے۔