عمران خان کی رہائی کیلئے پارلیمنٹ کا رخ کریں گے: زرتاج گل
Image
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پی ٹی آئی کی رہنما و پارلیمانی لیڈر زرتاج گل کا کہنا ہے کہ عمران خان کی رہائی کے لئے جلد لاکھوں لوگ پارلیمنٹ کی طرف رخ کریں گے۔

 پارلیمانی لیڈر زرتاج گل نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان جلد رہا ہوں گے، اب عالمی دنیا کی جانب سے بھی کہا جا رہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو رہا کریں۔

 

زرتاج گل نے کہا کہ عمران خان پاکستان کی امید کی واحد کرن ہے، ملک ڈوب رہا ہے اور حکمرانوں کی عیاشیاں ختم نہیں ہو رہی ہیں، اگر پاکستان کو بچانا ہے تو پھر عمران خان کو رہا کرنا ہوگا۔

 

یاد رہے گزشتہ روز انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق وزیر اعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی کے واقعات سے متعلق تین مقدمات میں عبوری ضمانتیں منسوخ کر دیں۔

 

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس، عسکری ٹاور، اور تھانہ شادمان کے مقدمات میں عمران خان کی عبوری ضمانتوں کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔

 

عدالت میں سرکاری وکیل نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ عمران خان کی گرفتاری ضروری ہے تاکہ ان سے تفتیش کی جا سکے۔ اس کے بعد عدالت نے ان کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے عبوری ضمانتیں منسوخ کر دیں۔

 

واضح رہے کہ 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرے کیے تھے۔ ان مظاہروں کے دوران فوجی، سرکاری، اور نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا۔

 

لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ، جو جناح ہاؤس کے نام سے مشہور ہے، پر بھی مظاہرین نے حملہ کیا تھا۔ راولپنڈی میں جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا ایک گیٹ بھی مظاہرین نے توڑ دیا تھا۔