عیدالاضحیٰ کب ہوگی؟ رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل طلب
Image
اسلام آباد: (سنو نیوز) ملک میں ذی الحج کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل 7 جون کو منعقد ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد اور ارکان کل بروز جمعہ عیدالاضحٰی کا چاند نظر آنےکا اعلان کریں گے۔

 

ملک بھرکی طرح چاروں صوبائی دارالحکومت میں بھی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا۔

 

قبل ازیں محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی تھی کہ جمعہ 7 جون کو ذی الحج کا چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں۔

 

اگر کل (جمعہ کو) ذی الحج کا چاند نظر آگیا تو پاکستان میں عیدالاضحٰی 17 جون بروز پیر کو ہوگی۔ تاہم کل چاند کی رویت نہ ہوئی تو ملک میں بقر عید 18 جون بروز منگل کو ہوگی۔

 

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔

 

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گر دو نواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔

 

خیبرپختونخوا چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور میں تیز ہواؤں اور جھکڑ چلنے کے علاوہ چند مقا مات پر گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

 

صوبہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات اور میانوالی میں آندھی، جھکڑ چلنے کے علاوہ گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر مزید بارش کا امکان ہے۔

 

موسم کی خبر دینے والوں کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کے علاوہ شمالی اضلاع میں آندھی اور گرد آلود ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔ شام میں خضدار، بارکھان، موسی ٰ خیل، شیرانی، ژوب اور گردو نواح میں تیز ہواؤں، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

 

صوبہ سندھ کے بیشتر بالائی اضلاع موسم شدید گرم رہے گا۔ تاہم رات میں بالائی وسطی اضلاع میں آندھی اور جھکڑ چلنے کے علاوہ جیکب سکھر، گھوٹکی، کشمور اور دادو میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے جبکہ ساحلی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

 

گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔