ٹانگ کٹوانے والی "کیمی" اب کس حال میں؟
Image
کراچی :(ویب ڈیسک )سانگھڑ میں کھیت میں داخل ہونے پربے زبان اونٹنی کی ٹانگ کاٹنے کا معاملہ،سندھ حکومت کیمی کے لیے میدان میں آگئی ۔

 تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر اونٹنی کی دردناک ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد حکومتِ سندھ ایکشن میں آئی۔ وزیرِاعلیٰ سندھ کی جانب سے ظالم وڈیرے کے خلاف ریاست کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

 
جانوروں کے حقوق کے ادارے ‘سی ڈی آر ایس بینجی پروجیکٹ کراچی شیلٹر‘  کی جانب سے ٹانگ کاٹے جانے سے زخمی ہونے والی اونٹنی کو ’کیمی‘ کا نام دیکر ریسکیو کرتے ہوئے کراچی منتقل کردیا گیا۔
 
اینیمل شیلٹر ہوم کی جانب سے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر جاری کی گئی ویڈیو میں زخمی اونٹنی کی ٹانگ پر مرحم پٹی ہونے کے بعد  ’کیمی‘ کو چارہ کھاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
 
دوسری جانب ظالم وڈیرے کی جارحیت کا نشانہ بننے والی اونٹنی ‘کیمی‘ کے لیے ‘دی وائر پاکستان‘ کی جانب سے مصنوعی ٹانگ لگانے کا اعلان کردیا گیا۔
 
مصنوعی ٹانگ لگنے کے بعد ‘کیمی‘ پھر سے چلنے کے قابل ہوجائے گی۔ سوشل میڈیا پر ‘دی وائر پاکستان‘ کے آفیشل پیج کی جانب سے کیمی کو مصنوعی ٹانگ لگانے کا اعلان ایک ریفرنس پکچر کے ساتھ کیا گیا۔
 
پوسٹ کے کیپشن میں صارفین کو بتایا گیا کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی مدد سے کام کرنے والی مصنوعی ٹانگ بھارت سے منگوائی گئی ہے۔
 
راجیندر نامی شخص کی مدد سے مصنوعی ٹانگ کو پہلے  بھارت سے دبئی لایا جائے گا۔ ‘دی وائر پاکستان‘ کی ٹیم دبئی سے ٹانگ کو پاکستان منگواکر ‘کیمی‘ کو لگائے گی جس کے بعد ‘کیمی‘  پھر سے چلنے لگے گی۔
 
سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے ‘ویلکم ہوم کیمی‘ کے ہیش ٹیگ کو استعمال کرکے خوشی کا اظہار کیا جارہا ہے۔