سانگھڑ میں اونٹ کی ٹانگ کاٹنے کا واقع: وزیراعلیٰ سندھ کا نوٹس
Image
کراچی: (ویب ڈیسک) صوبہ سندھ کے علاقے سانگھڑ میں ظالم وڈیرے کے ہاتھوں بے زبان اونٹنی پر وحشیانہ ظلم اور اسکی ٹانگ کاٹنے کےخلاف وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ ایکشن میں آگئے۔ سانگھڑ اونٹنی کی ٹانگ کاٹنے کا واقع سوشل میڈیا پر بہت زیادہ وائرل ہوا تھا جس کے بعد حکومت سندھ ایکشن میں آئی۔

 سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر صوبہ سندھ کے وزیراطلاعات شرجیل میمن نے پوسٹ کرتے ہوئے عوام کو بتایا کہ اونٹنی کی ٹانگ کاٹنے کے واقع پر ملزمان کیخلاف مقدمہ/ ایف آئی آر درج کرکے 5 افراد کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔

 

وزیراطلاعات شرجیل میمن نے بتایا کہ ملزمان اور اونٹنی کے مالک میں معاملات طے ہوچکے تھے جبکہ جانوروں کے ساتھ اس طرح کا غیر انسانی عمل ناقابل قبول ہے، اس لئے ریاست کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے کارروائی کی گئی ہے۔

 

یاد رہے کہ سندھ کے ضلع سانگھڑ میں ظالم وڈیرے نے فصلوں میں داخل ہونے پر بے زبان اونٹ کی ٹانگ کاٹ دی تھی۔ یہ واقع راتوں رات ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا تھا۔

 

اونٹ کھیت میں داخل ہوا تو وڈیرے اور اس کے ملازمین نے پہلے اونٹ کو تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر بھی غصہ ٹھنڈا نہ ہوا تو انتہائی بے دردی اور غیر انسانی عمل دکھاتے ہوئے تیز دھار آلے سے اونٹ کی ٹانگ کاٹ دی۔

 

دوسری جانب اونٹ کے مالک سومر بَھَن نے اپنے اونٹ کی کٹی ہوئی ٹانگ لےکر پریس کلب سانگھڑ پہنچ کر احتجاج کیا تھا، مالک کا کہنا تھا کہ ظالم اور بااثر زمیندار نے اس کی زمین میں سے گزرنے پر بے زبان اونٹ کی ٹانگ کاٹ دی ہے۔