عمران خان کو جیل میں سوشل میڈیا کی سہولت میسر: شرجیل میمن

May, 29 2024
کراچی: (سنو نیوز) شرجیل میمن نے کہا ہے کہ عمران خان کو جیل میں سوشل میڈیا کی سہولت میسر ہے، بانی پی ٹی آئی کی لڑائی اورٹارگٹ پاکستان ہے۔
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اداروں اور شہدا کیخلاف سازش کر رہے ہیں، عمران خان اس وقت کنفیوژن کا شکار ہیں۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ کراچی میں ٹرانسپورٹ کی بہتری کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، کوشش ہے لوگوں کو ریلیف فراہم کریں، ٹیکنالوجی کے ذریعے سازگار ماحول بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے، گاڑیوں کا سب سے بڑا رجسٹریشن سینٹر کراچی میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ ایکسائز میں عوامی سہولیات کیلئے مختلف اقدامات کیے ہیں، محکمہ ایکسائز میں خواتین کیلئے مخصوص کاؤنٹر بنانے جا رہے ہیں، محکمہ ایکسائز کا دورہ کیا، یہاں بہت رش تھا، رش ہو تو عملے کو بھی کام کرنے میں دشواری ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جعل سازی روکنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کی مدد لے رہے ہیں، محکمہ ایکسائز میں تمام کام بائیومیٹرک کے ذریعے ہوں گے، ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں بھی دفتر کھولنے جا رہے ہیں، جعلی نمبر پلیٹ لگانا جرم تصور ہوگا۔
وزیر اطلاعات سندھ نے مزید کہا کہ ایک ہی نمبر 2 گاڑیوں پر لگانا غیر قانونی تصور ہوگا، ایکسائز ڈیپارٹمنٹ ٹیکس کی مد میں اربوں روپے لیتا ہے، لوگوں کیلئے بیٹھنے کی سہولت اور ایئر کنڈیشنر لگائیں گے، حکم امتناع کی وجہ سے بھرتیاں رکی ہوئی ہیں، آسانی پیدا کرنے کیلئے آن لائن بکنگ کی سہولت بھی دی جا رہی ہے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے دور میں اربوں روپے کے قرض معاف کیے گئے، چند مخصوص لوگوں کے قرض معاف کیے گئے، ایک ایک شخص کو 20 سے 40 ارب روپے معاف کیے گئے، سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے قرض کیسے معاف کیے ؟ بانی پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ اڈیالہ سے آپریٹ ہو رہا ہے۔