عیدالاضحیٰ: قربانی کے گوشت کو کئی روز تک محفوظ کیسے رکھا جائے؟
 عیدالاضحیٰ کے موقع پر جہاں قربانی کا فریضہ پورے جذبے سے ادا کیا جاتا ہے، وہیں سب سے بڑی فکر قربانی کے گوشت کو محفوظ رکھنے کی ہوتی ہے تاکہ وہ کئی روز تک قابل استعمال رہے۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) عیدالاضحیٰ کے موقع پر جہاں قربانی کا فریضہ پورے جذبے سے ادا کیا جاتا ہے، وہیں سب سے بڑی فکر قربانی کے گوشت کو محفوظ رکھنے کی ہوتی ہے تاکہ وہ کئی روز تک قابل استعمال رہے۔

گوشت کو محفوظ رکھنے کے لیے جدید دور میں فریزر ایک آسان اور مؤثر حل ہے تاہم چند دیگر طریقے بھی موجود ہیں جنہیں اختیار کر کے گوشت کو دیرپا محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔

اگر آپ کے پاس فریج یا فریزر موجود نہیں یا بجلی کی بندش کی صورت میں مشکلات پیش آ رہی ہوں تو واٹر کولر کو ایک عارضی فریج کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔

اس مقصد کے لیے کولر کو نیچے سے اوپر تک برف سے بھرنا ہوگا، برف کی تہہ پر گوشت رکھا جائے اور پھر اسے مزید برف سے ڈھانپ دیا جائے، جیسے ہی برف پگھلے تو نئی برف ڈالنا ضروری ہے تاکہ ٹھنڈک برقرار رہے۔

دوسری جانب اگر فریزر موجود ہے تو گوشت کو سٹور کرتے وقت کچھ احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہیں۔

گوشت کو ہوا سے بچانا اولین شرط ہے، اس کے لیے فریزر کے لیے مخصوص پلاسٹک بیگز، المونیم فوائل یا ایئرٹائٹ کنٹینرز استعمال کیے جائیں، ہڈیوں کو علیحدہ کر دینا بہتر ہوتا ہے کیونکہ وہ زیادہ جگہ گھیرتی ہیں، گوشت کے سلائسز کے درمیان فریزر پیپر رکھ کر انہیں علیحدہ رکھا جا سکتا ہے تاکہ بعد میں نکالنا اور پکانا آسان ہو۔

یہ بھی پڑھیں: عیدالاضحیٰ، طبی ماہرین کا گوشت کے استعمال میں اعتدال کا مشورہ

کچے گوشت کو عام طور پر 4 سے 12 ماہ تک فریز کیا جا سکتا ہے جب کہ قیمہ تین ماہ اور پکا ہوا گوشت 2 سے 3 ماہ تک بہتر حالت میں رہتا ہے لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ اس دوران فریزر کا درجہ حرارت 0 فارن ہائیٹ یا اس سے کم ہونا چاہیے تاکہ گوشت خراب نہ ہو۔

روایتی طریقوں میں نمک کا استعمال بھی ایک آزمودہ نسخہ ہے، گوشت کو مخصوص curing salt سے ڈھانپ کر کسی ٹھنڈی جگہ پر ائیرٹائٹ برتن میں محفوظ کیا جا سکتا ہے۔

یہ طریقہ کم از کم ایک ماہ تک گوشت کو محفوظ رکھتا ہے لیکن پکانے سے قبل نمک اچھی طرح دھونا ضروری ہوتا ہے۔

اگر فریزر شدہ گوشت کو دوبارہ استعمال میں لانا ہو تو اسے ائیرٹائٹ بیگ میں بند کر کے ٹھنڈے پانی میں رکھنا چاہیے اور ہر 30 منٹ بعد پانی تبدیل کیا جائے تاکہ گوشت اچھی طرح پگھل جائے۔

اگر گوشت کی رنگت یا بو میں تبدیلی ہو تو استعمال سے گریز کریں یا صرف سطحی حصہ کاٹ کر علیحدہ کریں۔

گوشت کو طویل عرصے تک محفوظ رکھنا کوئی مشکل کام نہیں، بس چند سادہ اصولوں پر عمل کر کے اس قیمتی نعمت کو ضائع ہونے سے بچایا جا سکتا ہے۔