
ملک بھر میں آج عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت، روحانی جذبے اور جوش و خروش کے ساتھ منائی جارہی ہے، قربانی کے بعد گھروں میں گوشت کے پکوانوں کی خوشبوئیں مہک رہی ہیں لیکن ماہرین صحت نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ خوشی کے ان لمحات میں خوراک کے معاملے میں احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔
ڈاکٹروں اور غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ شدید گرمی اور مسلسل گوشت کھانے کی وجہ سے ہاضمے کے مسائل، گیس، پیٹ درد اور گیسٹرو جیسے امراض جنم لے سکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق ہر سال عید کے فوراً بعد ہسپتالوں میں ایسے مریضوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھا جاتا ہے جو بے احتیاطی کا شکار ہوتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: قربانی کے گوشت کو کئی روز تک محفوظ کیسے رکھا جائے؟
غذائی ماہرین نے زور دیا ہے کہ گوشت کو مکمل طور پر پکانے کے بعد ہی استعمال کریں، کیوں کہ نیم پکا ہوا گوشت آنتوں کی بیماریوں کا سبب بن سکتا ہے جبکہ مرغن، چکنائی سے بھرپور اور مصالحے دار کھانے دل کے مریضوں، شوگر اور ہائی بلڈ پریشر کے شکار افراد کے لیے خطرناک ہو سکتے ہیں۔
طبی ماہرین نے متوازن خوراک کو عید کے دنوں میں بھی جاری رکھنے کی تلقین کی ہے، ماہرین کے مطابق دہی، کھجور، پودینہ، لیموں، ادرک، ہلکی چائے اور گڑ جیسے قدرتی اجزاء نہ صرف ہاضمہ بہتر بناتے ہیں بلکہ نظام انہضام کو بھی متحرک رکھتے ہیں۔
ماہرین نے شہریوں کو تاکید کی ہے کہ عید کے ایام میں ورزش، ہلکی واک اور سادہ خوراک کو معمول بنائیں تاکہ خوشی کا یہ تہوار کسی صحت کے بحران میں نہ بدلے۔