والدین سے گزارش ہے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں: وزیراعظم
 وزیراعظم شہباز شریف نے والدین سے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی اپیل کردی۔
فوٹو بشکریہ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے والدین سے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی اپیل کردی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کی مہم کا باضابطہ افتتاح کردیا۔

قومی انسداد پولیو مہم کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج ہماری پولیو کے حوالے سے ایک اور مہم کا آغاز ہوا ہے،اس مہم میں پاکستان بھر کے لاکھوں بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ماضی میں پولیو نے ایک بار پھر سر اٹھایا، ہماری انسداد پولیو ٹیم دن رات مصروف ہے، والدین سے اپیل ہے کہ اس مہم میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے میں ہمارا ساتھ دیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ مجھے اللہ تعالیٰ کے ہاں بھرپور امید ہے کہ انشاءاللہ ہم اجتماعی کاوشوں سے پولیو کو ختم کرنے میں ضرور کامیاب ہونگے، جہاں سکیورٹی مسائل ہیں ان علاقوں میں سکیورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کیے گئے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماری دعا ہے ہماری کوششوں اور کاوشوں سے پولیو کا مرض پاکستان سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے رخصت ہو جائے، مجھے امید ہے وزیر صحت اور تمام متعلقہ افراد انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔  

خیال رہے کہ خصوصی انسداد پولیو مہم 21 سے 27 اپریل تک جاری رہے گی جس میں 5 سال سے کم عمر تقریباً 45 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے اور اس مہم میں 4 لاکھ 15 ہزار پولیو ورکرز حصہ لیں گے۔