
ماہرینِ صحت کے مطابق ایک صحت بخش ناشتہ نہ صرف جسمانی صحت کو بہتر بنانے میں معاون ہے، بلکہ ذہنی کارکردگی میں بھی خاطر خواہ اضافے کلا سبب بنتا ہے۔
غذائی ماہرین کے مطابق ناشتہ دن کی سب سے اہم خوراک ہے، جس کے بغیر دن کا آغاز جسمانی اور ذہنی صحت پر منفی اثرات ڈال سکتا ہے۔
واضح رہے کہ ساری رات کے بعد خون میں گلوکوز کی سطح کم ہو جاتی ہے، ناشتہ جسم کو فوری توانائی فراہم کر کے دن کی بہترین شروعات میں مدد دیتا ہے۔ناشتہ ایک ایسا عنصر ہے جس سے جسم کو ضروری غذائیت اور توانائی ملتی ہے تاکہ آپ اپنے روزمرہ کے کام بخوبی انجام دے سکیں۔
ناشتہ جسم اور دماغ کو چاق و چوبند رکھنے میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ اس کے بغیر آفس، کالج یا یونیورسٹی جانا جلد تھکن کا باعث بن سکتا ہے، کیونکہ جسم کو رات بھر کی فاسٹنگ کے بعد غذائی توانائی کی ضرورت ہوتی ہے۔
ماہرینِ غذائیت اس بات پر زور دیتے ہیں کہ متوازن اور غذائیت سے بھرپور ناشتہ اپنانا صحتمند زندگی گزارنے کیلئے ضروری ہے۔ یہ نہ صرف آپ کی توانائی کی سطح کو بڑھاتا ہے بلکہ آپ کے وزن کو بھی متوازن رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
اس لئے اگلی بار جب آپ جلدی میں ہوں تو ناشتہ چھوڑنے کی بجائے اسے اپنی روزانہ کی عادت بنا لیں تاکہ آپ دن کی کامیابی کی طرف پہلا قدم بڑھا سکیں۔