اخروٹ کھانے کے حیرت انگیز فوائد
Walnuts
لاہور:(ویب ڈیسک)سرد موسم کے آغاز کے ساتھ ہی خشک میوہ جات کی طلب میں بے پناہ اضافہ ہو جاتا ہے اور ان میں اخروٹ اپنی منفرد افادیت اور غذائی فوائد کی بنا پر سب کی توجہ کا مرکز ہوتا ہے۔

اخروٹ کو قدرت کا ایک انمول تحفہ سمجھا جاتا ہے جو نہ صرف جسم کو حرارت پہنچاتا ہے بلکہ سردیوں میں توانائی کا ایک اہم ذریعہ بھی ہے۔

غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ اخروٹ میں لحمیات، روغنیات، فاسفورس، فولاد، پوٹاشیم اور حیاتین جیسے قیمتی اجزاء پائے جاتے ہیں جو جسم کو اندرونی اور بیرونی طور پر مضبوط بنانے میں مدد دیتے ہیں۔ 

واضح رہے کہ اخروٹ میں موجود اومیگا-3 فیٹی ایسڈ دل کی صحت کو بہتر بناتا ہے اور دماغی افعال کو تیز کرتا ہے۔ یہ دل کے امراض کے خطرے کو کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔ 

علاوہ ازیں اخروٹ میں موجود کیلشیم اور فاسفورس ہڈیوں کو مضبوط بناتے ہیں،جبکہ اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس جلد کو جوان اور چمکدار رکھتے ہیں۔ 

ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ اخروٹ میں موجود اجزاء سرطان جیسے خطرناک مرض سے بچانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

اخروٹ کو سرد علاقوں کے لوگ اپنی غذا میں مستقل شامل رکھتے ہیں تاکہ موسم کی شدت کا سامنا کر سکیں۔ یہ جسم کو اندرونی گرمی فراہم کرتا ہے، جس کی وجہ سے سردیوں میں اس کا استعمال بہت زیادہ بڑھ جاتا ہے۔ 

ماہرین نے تجویز کیا ہے کہ سردیوں میں روزانہ اخروٹ کا استعمال صحت مند زندگی کیلئے ضروری ہے، تاہم اعتدال میں کھائیں کیونکہ اس میں کیلوریز زیادہ ہوتی ہیں۔یہ نہ صرف غذائیت فراہم کرتا ہے بلکہ سردیوں کی سوغات کے طور پر آپ کی صحت کا محافظ بھی ہے۔