سبز چائے پینے کے صحت پر حیرت انگیز اثرات
File photo
لاہور: (ویب ڈیسک) اگر آپ سبز چائے پینا پسند کرتے ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ یہ مشروب ذہنی تناؤ کے زیادہ چکنائی والی غذائیں سے مرتب ہونے والے منفی اثرات سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔

یہ بات برطانیہ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی،برمنگھم یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ زیادہ چکنائی والی غذاؤں سے تناؤ کے شکار جسم کے عضلاتی افعال اور دماغ تک آکسیجن کی فراہمی پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں مگر چاکلیٹ یا سبز چائے میں موجود فلیونوئڈز سے روزمرہ کے تناؤ کے دوران عضلاتی افعال کو تحفظ ملتا ہے،اس تحقیق میں صحت مند جوان افراد کو شامل کیا گیا اور انہیں چکنائی سے بھرپور مختلف غذائیں ناشتے میں استعمال کرائی گئیں،اس کے ساتھ ساتھ انہیں فلیونوئڈز سے بھرپور مشروبات کا استعمال بھی کرایا گیا،اس کے بعد ان سے 8 منٹ میں دماغی ٹیسٹ مکمل کرائے گئے اور پھر 8 منٹ آرام کرایا گیا،دماغی ٹیسٹ اور آرام کے دوران ان کے خون کے بہاؤ، عضلاتی اور دماغی سرگرمیوں کی جانچ پڑتال بھی کی گئی۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ ٹیسٹ دینے کے دوران ان افراد کے دل کی دھڑکن کی رفتار اور بلڈ پریشر میں اسی طرح اضافہ ہوا جس کا سامنا ہمیں روزمرہ کے تناؤ کے دوران ہوتا ہے۔

تحقیق کے مطابق تناؤ کے دوران زیادہ چکنائی والی غذاؤں کے استعمال سے عضلاتی افعال پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں اور یہ اثر ڈیڑھ گھنٹے تک برقرار رہتا ہےمگر سبز چائے یا چاکلیٹ ملک کے استعمال سے عضلاتی افعال پر مرتب ہونے والے منفی اثرات کی روک تھام میں مدد ملتی ہے،اس تحقیق کے نتائج جرنل فوڈ اینڈ فنکشن میں شائع ہوئے۔

اس سے قبل جولائی 2023 میں امریکا کی اوہائیو اسٹیٹ یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ سبز چائے پینے کی عادت سے بلڈ شوگر کی سطح کم ہوتی ہے جس سے ذیابیطس ٹائپ 2 سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے جبکہ اس مشروب کے استعمال سے معدے کی صحت بہتر ہوتی ہے۔

تحقیق میں شامل افراد کو ایک ماہ تک سبز چائے کا استعمال کرایا گیا تو ان کا بلڈ شوگر لیول گھٹ گیا جبکہ معدے کے ورم میں بھی کمی آئی۔