سی آئی ڈی کے خالق ہارٹ اٹیک کے باعث انتقال کرگئے
وہ مشہور کرائم ڈراما سیریز سی آئی ڈی اور مقبول ہارر شو آہٹ کے خالق تھے، ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد شوبز انڈسٹری میں سوگ کی فضا چھا گئی جبکہ مداح بھی افسردہ ہوگئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بی پی سنگھ کو منگل کی صبح دل کا شدید دورہ پڑا، جس کے باعث وہ جانبر نہ ہوسکے۔ ان کے انتقال پر فلمی دنیا سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
فلم ساز اشوک پنڈت نے بی پی سنگھ کے انتقال پر تعزیتی پیغام جاری کرتے ہوئے انہیں غیر معمولی صلاحیتوں کا مالک ہدایت کار، بہترین انسان اور قریبی دوست قرار دیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ بی پی سنگھ نے سی آئی ڈی اور آہٹ جیسے یادگار پروگراموں کے ذریعے لاکھوں ناظرین کے دلوں میں جگہ بنائی۔ ان کا تخلیقی کام آنے والی نسلوں کے لیے بھی مشعلِ راہ رہے گا۔
اشوک پنڈت نے مرحوم کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ اور عزیزوں سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔ اطلاعات کے مطابق بی پی سنگھ کی آخری رسومات 28 اکتوبر کو ادا کیے جانے کا شیڈول تھا۔
بی پی سنگھ کا اصل نام برجندر پال سنگھ تھا۔ انہیں سب سے زیادہ شہرت کرائم ڈراما سی آئی ڈی سے حاصل ہوئی، جس کا آغاز 1998 میں ہوا تھا۔ اس پروگرام نے اپنی منفرد تفتیشی کہانیوں، دلچسپ کرداروں اور یادگار مکالموں کی بدولت بھارتی ٹیلی وژن پر غیر معمولی مقبولیت حاصل کی۔ اس سیریز کا ابتدائی دور 2018 میں اختتام پذیر ہوا، تاہم اس کی مقبولیت آج بھی برقرار ہے۔