معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر مد سندھو فائرنگ سے قتل
پولیس کے مطابق مد سندھو کو ہفتے کی شام تقریباً 6 بجے دو نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کا نشانہ بنایا اور واردات کے بعد فرار ہوگئے۔
گولیاں لگنے سے مد سندھو شدید زخمی ہوگئے۔ انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کے بعد جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں جبکہ حملہ آوروں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ قتل کے محرکات جاننے کے لیے مد سندھو کے ذاتی، پیشہ ورانہ اور سوشل میڈیا روابط کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: انجلینا جولی کی ایک بار پھر دنیا کی توجہ غزہ کی تباہی پرمبذول
پولیس کے مطابق واقعے کے اصل محرک کے بارے میں تحقیقات مکمل ہونے سے قبل حتمی طور پر کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔
واقعے کے بعد گولڈی ڈھلون نامی فیس بک اکاؤنٹ سے ایک پوسٹ سامنے آئی، جس میں مد سندھو کے قتل کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا گیا۔
پولیس نے سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی اس پوسٹ کو بھی تحقیقات کا حصہ بنا لیا ہے اور اس بات کا جائزہ لیا جا رہا ہے کہ یہ پوسٹ واقعی حملے میں ملوث افراد یا کسی متعلقہ گروہ کی جانب سے کی گئی یا کسی کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے۔
حکام کے مطابق مذکورہ اکاؤنٹ اور اس کے پیچھے موجود افراد کے بارے میں بھی معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔