کینسر کی تشخیص کے بعد نعمان اعجاز نے کیا دعا مانگی؟
ایک حالیہ انٹرویو میں نعمان اعجاز نے بتایا کہ جس روز انہیں کینسر کی بیماری کا علم ہوا، انہوں نے نماز کے دوران آسمان کی طرف دیکھ کر اللہ سے دعا کی کہ اگر دنیا میں ان کی ضرورت نہیں تو انہیں اپنے پاس بلا لیں، کیونکہ وہ اپنے اہل خانہ کو تکلیف میں نہیں دیکھنا چاہتے۔
اداکار کے مطابق انہوں نے اللہ سے یہ بھی دعا کی کہ وہ ہسپتالوں کے چکر اور کیموتھراپی جیسے تکلیف دہ مرحلے سے نہ گزریں نیز وہ اس دوران رات کو مختلف دعائیں اور اذکار پڑھ کر سوتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: معروف گلوکار انکت بالیان جم سے باہر نکلتے ہی قتل
نعمان اعجاز نے بتایا کہ بیماری کا علم ایک قریبی دوست کو ہوا تو اس نے انہیں سورۃ رحمٰن پڑھنے کا مشورہ دیا، ان کے بقول اسی دن سے آج تک وہ سورہ رحمٰن کی تلاوت کرتے ہیں اور انہیں محسوس ہوتا ہے کہ صحت یابی میں اس سورت کا بہت بڑا کردار رہا ہے۔
سینیئر اداکار نے بتایا کہ بعد ازاں انکا کامیاب آپریشن ہوا اور ٹیومر نکال دیا گیا، انکے مطابق 23 جولائی 2024 کو انکی پہلی کیموتھراپی ہونا تھی تاہم ایک روز قبل ڈاکٹرز نے انہیں بتایا کہ مزید علاج کی ضرورت نہیں کیونکہ ٹیسٹ میں بیماری کے آثار نہیں ملے۔
نعمان اعجاز نے کہا کہ اس تجربے نے انہیں زندگی اور اللّٰہ سے اپنے تعلق کے بارے میں ایک مختلف انداز میں سوچنے کا موقع دیا۔