اسٹیج ڈرامے کے دوران اداکارہ شمع ناز پر تشدد، مقدمہ درج
پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب اسٹیج ڈرامہ جاری تھا اور ایک نوجوان مبینہ طور پر زبردستی اسٹیج پر چڑھ آیا۔ اداکارہ شمع ناز نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ نوجوان نے اسٹیج پر آتے ہی ان پر تشدد کیا، جس سے ڈرامے میں خلل پڑا اور وہاں موجود افراد بھی حیران رہ گئے۔
اداکارہ کے مطابق جب ان کا ڈرائیور انہیں بچانے کیلئے آگے بڑھا تو ملزم نے اسے بھی تھپڑ مارے اور بدتمیزی ک، ملزم نے ان سے نامناسب مطالبہ کیا، جسے انہوں نے مسترد کر دیا، انکار پر نوجوان مشتعل ہوگیا اور تشدد پر اتر آیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے دوران ملزم کی شناخت راجا زین کے نام سے ہوئی ہے، تھانہ سٹی اے ڈویژن پولیس نے اداکارہ کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا ہے اور ملزم کی گرفتاری کیلئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ تھیٹر میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کی جا رہی ہے تاکہ واقعے کی مکمل حقیقت سامنے لائی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:بشریٰ انصاری نے یوٹیوب آمدنی سے متعلق حقیقت بتا دی
قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ ملزم کو جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔