بھارتی لیجنڈری گلوکارہ آشا بھوسلے انتقال کر گئیں
Asha Bhosle DEATH news
فائل فوٹو
ممبئی:(ویب ڈیسک) بھارتی موسیقی کی دنیا کی عظیم اور لیجنڈری گلوکارہ آشا بھوسلے 92 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں، جس سے فن و موسیقی کی دنیا میں سوگ کی فضا چھا گئی۔

ان کے بیٹے آنند بھوسلے کے مطابق مرحومہ کی آخری رسومات کل شام ادا کی جائیں گی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آشا بھوسلے گزشتہ کچھ عرصے سے سینے کے انفیکشن کے باعث اسپتال میں زیر علاج تھیں۔

ڈاکٹروں کے مطابق ان کی موت کی وجہ متعدد اعضا کا کام چھوڑ دینا بنی، ان کی بیماری کی اطلاع سب سے پہلے ان کی پوتی زنائی بھوسلے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر دی تھی، جس میں انہوں نے اپنی دادی کی صحت کے حوالے سے مداحوں کو آگاہ کیا تھا۔

آشا بھوسلے کا شمار برصغیر کی سب سے زیادہ ورسٹائل گلوکاراؤں میں ہوتا تھا، انہوں نے فلمی گانوں، غزلوں، قوالی اور کلاسیکی موسیقی سمیت 20 سے زائد زبانوں میں اپنی آواز کا جادو جگایا۔

انہوں نے اپنے فنی سفر کا آغاز 1943 میں صرف 10 سال کی عمر میں کیا تھا اور بعد ازاں موسیقی کی دنیا میں ایک منفرد مقام حاصل کیا۔

2011 میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز نے انہیں دنیا کی سب سے زیادہ ریکارڈنگ کرنے والی گلوکارہ قرار دیا تھا۔ انہیں 2000 میں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ اور 2008 میں پدم وبھوشن جیسے اعلیٰ اعزازات سے بھی نوازا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:ترکش فیشن انفلوئنسر انتقال کر گئیں

ان کے انتقال پر بھارت سمیت دنیا بھر میں مداح افسردہ ہیں اور سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔