بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہرشل کالیا کام سے واپس گھر لوٹ رہی تھیں کہ ان کی گاڑی کو حادثہ پیش آگیا، اس دوران اِن کی گاڑی بے قابو ہو کر سڑک کے ڈیوائیڈر سے جا ٹکرائی اور قلابازیاں کھاتے ہوئے دور جا گری۔
رپورٹس کے مطابق جائے حادثہ پر موجود افراد نے فوری طور پر گاڑی کو سیدھا کر کے اداکارہ کو باہر نکالا اور نجی ہسپتال منتقل کیا تاہم سر میں آنے والی شدید چوٹوں کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکیں ، ہسپتال پہنچنے پر ڈاکٹرز نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
پولیس حکام کے مطابق پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہے جبکہ حادثے کی وجوہات کے تعین کے لیے تحقیقات کا عمل جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ترکش فیشن انفلوئنسر انتقال کر گئیں
واضح رہے کہ30 سالہ ہرشل کالیا کا تعلق بھارت کی ریاست راجستھان سے تھا، وہ ویب سیریز ’’کرائم نیکسٹ ڈور‘‘ میں اداکاری کے جوہر دکھا چکی تھیں،اس کے علاوہ انہوں نے بھارتی نجی نیوز چینل میں بطور اینکر بھی فرائض سرانجام دیے ۔
علاوہ ازیں انہوں نے بے شمار راجستھانی گانوں میں بھی بطور مرکزی کردار اپنی اداکاری کی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ، حالیہ دنوں میں وہ ماڈلنگ کے شعبے میں کافی سرگرم تھیں۔