اہلِ خانہ نے افواہوں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے واضح کیا کہ عابدہ پروین بالکل خیریت سے ہیں اور ان کے انتقال کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔
گلوکارہ کی بیٹی خضرہ خان نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ والدہ کے انتقال سے متعلق پھیلائی جانے والی اطلاعات من گھڑت اور بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے شائقین اور عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر مصدقہ خبروں پر یقین نہ کریں اور افواہوں کو آگے پھیلانے سے گریز کریں۔
بیٹی کے مطابق بعض عناصر نے ایک اور خاتون کے انتقال کو غلطی یا جان بوجھ کر معروف گلوکارہ عابدہ پروین سے منسوب کر دیا، جس کے باعث مداحوں میں تشویش پھیل گئی۔
واضح رہے کہ لاہور کے علاقے دال گراں چوک کی رہائشی ایک خاتون عابدہ پروین کے انتقال کی خبر سامنے آئی تھی، جسے غلط طور پر معروف گلوکارہ سے جوڑ دیا گیا۔
اہلِ خانہ نے واضح کیا کہ اس خبر کا معروف گلوکارہ سے کوئی تعلق نہیں، عابدہ پروین مکمل صحت کے ساتھ اپنی روزمرہ زندگی گزار رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:اپوزیشن رہنما فائرنگ سے جاں بحق
خضرہ خان کا مزید کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں پھیلانا نہ صرف غیر ذمہ دارانہ عمل ہے بلکہ اس سے خاندان اور مداحوں کو ذہنی اذیت بھی پہنچتی ہے۔
واضح رہے کہ عابدہ پروین پاکستان کی صفِ اول کی صوفی گلوکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں اور ان کے چاہنے والے دنیا بھر میں موجود ہیں۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی، تاہم اہلِ خانہ کی تردید کے بعد صورتحال واضح ہو گئی ہے۔