معروف اداکارہ قتل، بوائے فرینڈ گرفتار
Imani Daya Smith killed
فائل فوٹو
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) براڈوے کی معروف نوجوان اداکارہ امانی ڈایا اسمتھ اپنے ہی گھر میں چاقو کے وار سے ہلاک ہوگئیں، پولیس نے تفتیش کے بعد انکے بوائے فرینڈ کو گرفتار کر لیا۔

امریکا کی ریاست نیو جرسی میں براڈوے اسٹیج کی معروف اداکارہ امانی ڈایا اسمتھ قاتلانہ حملے میں جان کی بازی ہار گئی، 25 سالہ اداکارہ پر رہائشی مکان میں چاقو کے  وار کیے گئے، جس کے بعد انہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں۔

مڈل سیکس کاؤنٹی پراسیکیوٹر آفس کے مطابق پولیس کو صبح 9 بج کر 18 منٹ پر گروو ایونیو کی ایک رہائش گاہ سے 911 کال موصول ہوئی، اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی، جہاں امانی اسمتھ شدید زخمی حالت میں موجود تھیں۔ انہیں فوری طور پر رابرٹ وڈ جانسن یونیورسٹی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انکی موت کی تصدیق کر دی گئی۔

پولیس نے مقتولہ کے 35 سالہ بوائے فرینڈ جارڈن ڈی جیکسن اسمال کو گرفتار کر لیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ دونوں ایک دوسرے کو پہلے سے جانتے تھے، واقعہ اتفاقی تشدد نہیں بلکہ گھریلو نوعیت کا سنگین جرم معلوم ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مشہور امریکی اداکار نے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا

ابتدائی تفتیش کے بعد ملزم پر فرسٹ ڈگری قتل، بچے کی فلاح کو خطرے میں ڈالنے اور غیر قانونی طور پر ہتھیار رکھنے سمیت متعدد الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

ذہن نشین رہے کہ امانی اسمتھ براڈوے کے مشہور اسٹیج شو دی لائن کنگ میں ینگ نالا کے کردار سے شہرت رکھتی تھیں۔