معروف سینیئر اداکارہ نادیہ افگن نے پنجاب حکومت کی پالیسیوں پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف ماحولیاتی آلودگی اور سموگ نے شہریوں کا جینا دوبھر کر رکھا ہے تو دوسری جانب درختوں کی کٹائی جاری ہے، حالانکہ اس پر عدالت کی جانب سے واضح پابندی عائد کی جا چکی ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں نادیہ افگن نے کہا کہ وہ اکثر پنجاب حکومت کے اچھے اقدامات کی تعریف کرتی ہیں مگر کچھ فیصلے ایسے ہیں جو تمام مثبت کوششوں پر پانی پھیر دیتے ہیں، درخت لگانے کے بجائے انہیں کاٹا جارہا ہے جو ماحول دشمن طرز عمل ہے۔
اداکارہ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ لاہور میں 150 سال پرانا درخت بھی کاٹا گیا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ حکومت خود احکامات جاری کرتی ہے مگر پھر انہی پر عملدرآمد کیوں نہیں ہوتا، حکومت سے گزارش ہےکہ درخت نہ کاٹے جائیں۔
نادیہ افگن نے کتوں کے مارنے کے حوالے سے بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ نے کتوں کے مارنے پر پابندی لگائی ہے لیکن اس کے باوجود آوارہ کتوں کو زہر اور گولیوں سے مارے جانے کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔