ضمانت پر رہائی کے بعد، ڈکی بھائی نے یوٹیوب پر اپنی واپسی کی اور دوبارہ روزانہ وی لاگز اپ لوڈ کرنا شروع کر دیئے۔ ان کے پہلے ہی وی لاگ کو ایک کروڑ 50 لاکھ سے زائد ویوز ملے، جس نے سوشل میڈیا پر طوفان برپا کردیا۔
صارفین نے یہ دعوے کرنا شروع کر دیئے کہ ڈکی بھائی نے صرف ایک وی لاگ سے کروڑوں روپے کما کر اپنے نقصان کی تلافی کرلی۔ لیکن اپنے تازہ وی لاگ میں، ڈکی بھائی نے اپنے یوٹیوب چینل اور آمدنی کے حوالے سے اہم انکشافات کیے، جن میں انہوں نے بتایا کہ ان کی کمائی اور چینل کی حالت میں کافی مشکلات آ رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: راکھی ساونت بہار کے وزیر اعلیٰ کی حرکت پر برس پڑیں
ڈکی بھائی نے وی لاگ میں اپنے چینل کی موجودہ صورتحال اور کمائی کے حوالے سے سچائی بیان کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنے یوٹیوب چینل تک مکمل رسائی حاصل نہیں ہے، چینل پر صرف نوٹیفیکیشن آرہا ہے کہ میں بطور ایڈیٹر شامل ہوں۔ مجھے نہ تو چینل کی آمدنی کی تفصیلات نظر آ رہی ہیں اور نہ ہی ویڈیوز اپلوڈ یا ڈیلیٹ کرنے کی اجازت ہے۔
انہوں نے مزید کہا میرا یوٹیوب چینل اب میرا نہیں رہا۔ میرے ایڈسینس کو بلاک کر دیا گیا ہے۔ لوگ جو کہتے ہیں کہ میں نے جیل کے بعد ویڈیوز سے بہت پیسہ کمایا، انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ میں نے ایک روپیہ بھی نہیں کمایا۔ یہ چینل اس وقت میرا نہیں رہا، میرے ساتھ شدید ناانصافی ہو رہی ہے۔
ڈکی بھائی نے اپنے ریسٹورنٹ کے معاملات کے حوالے سے بھی خاموشی اختیار کی اور بتایا کہ میں نے ابھی تک ریسٹورنٹ میں جو کچھ ہو رہا ہے، اس کی کوئی بھی تفصیل شیئر نہیں کی۔ اریب اس وقت تمام کاروباری معاملات اور اخراجات سنبھال رہے ہیں۔
ڈکی بھائی کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل آ رہا ہے۔ کچھ لوگ ان کی حالت پر ہمدردی کا اظہار کر رہے ہیں، جبکہ بعض نے ان کے بیان کو سوالات اٹھانے والا قرار دیا ہے۔
یاد رہے ڈکی بھائی کو چند ماہ قبل جوا ایپس کی تشہیر کرنے کے الزام میں ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ تاہم، نومبر کے آخر میں انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔