معروف اداکارہ بینا مسرور کے انتقال پر شوبز شخصیات کا اظہار تعزیت
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ بینا مسرور کے انتقال پر شوبز شخصیات کی جانب سے اظہار تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ بینا مسرور کے انتقال پر شوبز شخصیات کی جانب سے اظہار تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔

شوبز سے وابستہ سینئر اداکارہ سکینہ سمو نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں مرحومہ بینا مسرور کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میری خواہش ہے بینا کو ہمیشہ ایک روشن اور ذہین شخصیت کے طور پر یاد رکھا جائے۔

سکینہ سمو کا کہنا تھا کہ بینا کی شخصیت میں ایسا وقار تھا جو ہر ملنے والے کو ہمیشہ یاد رہتا تھا، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو لحد میں سکون نصیب فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو اس عظیم نقصان کو برداشت کرنے کی ہمت اور حوصلہ دے۔

یاد رہے معروف اداکارہ بینا مسرور گزشتہ روز 67 برس کی عمر میں انتقال کر گئی تھیں، ان کے انتقال کی اطلاع ان کے بیٹے اور معروف اداکار پارس مسرور نے اپنے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے دی۔

پارس مسرور نے اپنی والدہ کی مغفرت کیلئے مداحوں اور شائقین سے دعا کی درخواست کی ہے، سوشل میڈیا پر شوبز شخصیات اور مداحوں نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیں: سینئر اداکارہ بینا مسرور خالقِ حقیقی سے جا ملیں

خیال رہے کہ بینا مسرور نے شوبز کے شعبے میں کئی یادگار کردار ادا کیے، جن میں بنجارا، بیٹیاں، تڑپ، عشق نہیں آسان، آنگن، اگر اور جانِ جہاں شامل ہیں۔

ان کے اداکاری کے انداز اور منفرد پرفارمنس نے انہیں شوبز کی دنیا میں ایک ممتاز مقام دیا اور وہ ناظرین کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔

مرحومہ ڈاکٹر بیدل مسرور کی اہلیہ تھیں، انہوں نے سندھ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی، تعلیم کے شعبے سے بھی وابستگی رکھی اور تدریس کے ذریعے کئی طلبہ کی رہنمائی کی۔