یوٹیوبر سعد الرحمان المعروف ڈکی بھائی کی ضمانت منظور
Ducky Bhai bail
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر غیر قانونی جوئے کی تشہیر کے الزام میں گرفتار یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی کی ضمانت لاہور ہائیکورٹ نے منظور کر لی۔

ڈکی بھائی کی ضمانت کی درخواست پر سماعت جسٹس شہرام سرور نے کی، دلائل سننے کے بعد عدالت نے ڈکی بھائی کی رہائی کا حکم جاری کیا اور متعلقہ قانونی کارروائی مکمل ہونے تک انہیں ضمانت پر رہنے کی اجازت دی۔ عدالت نے ڈکی بھائی کو 10 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض رہائی کی اجازت دے دی۔

یاد رہے کہ ڈکی بھائی پر الزام تھا کہ انہوں نے اپنے یوٹیوب چینل کے ذریعے غیر قانونی جوئے کی ایپلیکیشنز کی تشہیر کی۔ اس حوالے سے 17 اگست کی شب نیشنل کرائم ایجنسی لاہور نے ریاست کی مدعیت میں ان کیخلاف مقدمہ درج کیا تھا۔

اس مقدمے کے بعد ڈکی بھائی کی اہلیہ اروب جتوئی کی شکایت پر سائبر کرائم ایجنسی کے 9 افسران کیخلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا۔ ایف آئی آر کے مطابق ان افسران نے ڈکی بھائی کو گرفتار کرنے کے دوران ان سے کروڑوں روپے رشوت وصول کی اور ڈکی بھائی کے اکاؤنٹ سے غیر قانونی طور پر ڈالر اپنے اکاؤنٹس میں منتقل کیے۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی میں 756 ترقیاتی اسکیمیں جاری ہیں، شرجیل میمن

اس واقعے نے سوشل میڈیا اور قانونی حلقوں میں زبردست بحث چھیڑ دی تھی، جہاں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی اور یوٹیوبرز کی ذمہ داریوں پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

ڈکی بھائی کی ضمانت کے بعد کیس کی آئندہ سماعت میں تمام پہلوؤں کی مزید تحقیقات متوقع ہیں۔