گلوکار طلحہ انجم نے بھارت پرچم لہرانے پر معافی مانگ لی
معروف گلوکار و ریپر طلحہٰ انجم نے کنسرٹ کے دوران بھارتی پرچم لہرانے پر معافی مانگ لی۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) معروف گلوکار و ریپر طلحہٰ انجم نے کنسرٹ کے دوران بھارتی پرچم لہرانے پر معافی مانگ لی۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گلوکار طلحہ انجم نے اپنے عمل پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ اگر میرے عمل سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو میں معذرت خواہ ہوں لیکن یہ کہنا غلط ہے کہ میں نے پوری پرفارمنس کے دوران بھارتی پرچم لہرایا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ نیپال میں ہونے والے کنسرٹ میں ہزاروں افراد موجود تھے، جس میں بیسیوں کا تعلق بھارت سے بھی تھا میرے لیے تمام مداح برابر ہیں۔

طلحہ نے کہا کہ سٹیج پر پرفارمنس کے دوران مداحوں کی جانب سے ٹی شرٹس اور دیگر چیزیں پھینکی گئیں جب کہ اس دوران کسی مداح نے مجھے بھارتی پرچم تھمادیا، ایسا نہیں ہے کہ میں نے بھارتی پرچم پہنچانا نہیں بلکہ میں نے مداح کا احترام کرتے ہوئے اس سے پرچم لیا اور کچھ دیر کے بعد واپس رکھ دیا۔

یہ بھی پڑھیں: صبا قمر کا بے بنیاد الزامات پر سینئر صحافی کیخلاف قانونی کارروائی کا اعلان

گلوکار کا کہنا تھا کہ وہاں صرف ایک بھارتی مداح نہیں تھا درجنوں بھارتی مداح تھے، میں مداح کی جانب سے دیا گیا پرچم لے کر پھینک نہیں سکتا تھا۔

میزبان نے سوال کیا کہ کیا آپ نے کوئی دوائی وغیرہ تو نہیں پی رکھی تھی، جس وجہ سے ہوش میں نہ رہے ہوں اور معلوم نہ چل سکا ہو کہ ان کے پاس بھارتی پرچم ہے۔

طلحہ نے جواب دیا کہ میں بالکل ہوش و حواس میں تھا، میں نے کچھ دیر تک بھارتی پرچم کو اپنے کندھے پر رکھا اور پھر لپیٹ کر اسٹیج پر رکھ دیا لیکن سوشل میڈیا پر مختصر کلپ وائرل ہوا، جس وجہ سے مجھے تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

گلوکار نے بھارتی پرچم لہرانے اور اپنے عمل سے پاکستانی شائقین کی دل آزاری پر اظہار افسوس کرتے ہوئے قوم سے معافی بھی مانگی۔