بھارتی سینئر اداکار ستیش شاہ انتقال کرگئے
Satish Shah death
فائل فوٹو
ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اور سینئر اداکار ستیش شاہ 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

تفصیلات کے مطابق اشوک پانڈت نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ستیش شاہ کی ایک ویڈیو اور تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ اداکار کی طبیعت اچانک خراب ہوئی تھی، انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ گردوں کے فیل ہونے کے باعث جانبر نہ ہو سکے۔

اشوک پانڈت نے اپنے پیغام میں کہا کہ میں نہایت دکھ کے ساتھ اطلاع دے رہا ہوں کہ ہمارے دوست، شاندار اداکار ستیش شاہ اب اس دنیا میں نہیں رہے، وہ صرف بہترین اداکار ہی نہیں بلکہ ایک نرم دل اور باوقار انسان بھی تھے۔

ان کے مطابق ستیش شاہ کی میت کو باندرہ میں واقع ان کی رہائش گاہ پر منتقل کیا جائے گا، جہاں آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔

خیال رہے کہ ستیش شاہ نے اپنے فنی کیریئر میں کئی دہائیوں تک ناظرین کے دل جیتے۔ ان کی مشہور فلموں اور ڈراموں میں جانے بھی دو یارو, سارابھائی ورسز سارابھائی، میں ہوں نا اور اوم شانتی اوم شامل ہیں۔

ان کی وفات پر بالی ووڈ کے نامور اداکاروں اور مداحوں نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ستیش شاہ کا انتقال بھارتی فلم انڈسٹری کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔