انسٹاگرام صارفین کے اکاؤنٹس پر پابندیاں لگانے کا اعلان
Instagram teen safety
فائیل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) انسٹاگرام نے نوجوان صارفین کو غیر مناسب مواد سے محفوظ رکھنے کے لیے ایک بڑی اپ ڈیٹ متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے۔

 اس اعلان کے تحت ان کے فیڈ میں صرفPG-13 (یعنی 13 سال یا اس سے زائد عمر کے لیے موزوں) مواد ہی دکھایا جائے گا۔ میٹا کے مطابق یہ فیصلہ دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی تشویش کے بعد کیا گیا ہے اور یہ اپ ڈیٹ آنے والے مہینوں میں عالمی سطح پر لاگو ہوگی۔

سرکاری بیان کے مطابق 18 سال سے کم عمر تمام صارفین کے اکاؤنٹس خودکار طور پر13+ کنٹینٹ سیٹنگ میں رکھے جائیں گے۔ اس سیٹنگ کے تحت ایسا مواد جس میں سخت زبان، خطرناک حرکات، منشیات سے متعلق موضوعات یا دیگر بالغ تھیم شامل ہوں گے اسے محدود کر دیا جائے گا۔ میٹا نے تصدیق کی ہے کہ اگر کوئی ٹین ایجر ایسے مواد کو تلاش کرنے کی کوشش کرے تو سسٹم نہ صرف اصل الفاظ بلکہ ان کے عام غلط ہجوں کو بھی بلاک کر دے گا۔

میٹا ایک نیا فیچر “Limited Content” بھی متعارف کروا رہا ہے جو والدین کو یہ اختیار دے گا کہ وہ فیصلہ کرسکیں کہ ان کے بچے کس قسم کے پوسٹس دیکھ سکتے ہیں، کمنٹس کر سکتے ہیں یا میسجز میں کس سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ بچے والدین کی اجازت کے بغیر ان سیٹنگز کو تبدیل نہیں کر سکیں گے۔

اس اپ ڈیٹ کے ساتھ، انسٹاگرامAI ٹولز استعمال کرے گا تاکہ ایسے صارفین کی شناخت کی جا سکے جو اکاؤنٹ بناتے وقت اپنی عمر غلط ظاہر کرتے ہیں۔ ان صارفین کو خودکار طریقے سے عمر کے لحاظ سے موزوں سیٹنگز میں منتقل کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: 5 گنا کم بجلی، 4 گنا زیادہ ٹھنڈک: نئی اے سی ٹیکنالوجی کی دھوم

میٹا کے مطابق کمپنی پہلے ہی مختلف حفاظتی اقدامات جیسے پرائیویٹ اکاؤنٹس کی ڈیفالٹ سیٹنگ، مواد کی فلٹرنگ اور رات کے وقت نوٹیفکیشن کی پابندیاں لاگو کر چکی ہے جو بدستور فعال رہیں گی۔

اس کے علاوہ ایک نیا فیچر بھی متعارف کروایا جا رہا ہے جو ٹین ایج صارفین کو ایسے اکاؤنٹس کو فالو کرنے سے روکے گا جو باقاعدگی سے نامناسب مواد پوسٹ کرتے ہیں۔ اگر وہ پہلے سے ایسے اکاؤنٹس فالو کر رہے ہوں گے تو ان روابط کو خودکار طور پر ختم یا بلاک کر دیا جائے گا۔

خیال رہے کہ یہ تبدیلیاں سب سے پہلے امریکہ، کینیڈا، برطانیہ، اور آسٹریلیا میں لاگو ہوں گی جس کے بعد سال کے آخر تک دیگر ممالک میں بھی نافذ کی جائیں گی۔