
تھیٹر، ٹی وی اور فلم کے نامور کامیڈین لکی ڈئیر شدید علالت کے باعث لاہور کے میو اسپتال میں زیرِ علاج تھے۔
اہلخانہ کے مطابق 60 سالہ فنکار گزشتہ آٹھ ماہ سے پھیپھڑوں اور ذیابیطس کے مرض میں مبتلا تھے، اداکار کے گردے، جگر اور معدہ بھی کام چھوڑ چکے تھے، آخر وقت میں ان کی حالت تشویشناک ہوچکی تھی اور وہ کومہ میں چلے تھے۔
لکی ڈیئر کی نماز جنازہ بعد نماز عصر باغبانپورہ میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں شوبز شخصیات سمیت اہل علاقہ، عزیز و اقارب سمیت عوام شریک ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: نازیہ اور زوہیب حسن کی والدہ خالقِ حقیقی سے جاملیں
خیال رہے کہ لکی ڈیئر گزشتہ چالیس سال سے شوبز انڈسٹری سے وابستہ تھے، وہ سینکڑوں ڈراموں اور درجنوں فلموں میں اپنی منفرد اداکاری اور جاندار مکالموں سے ناظرین کو محظوظ کر چکے تھے، لکی ڈیئر کا شمار ان فنکاروں میں ہوتا تھا جنہوں نے پاکستانی تھیٹر کو عروج بخشا اور لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنے کو اپنا فن سمجھا۔
ان کی وفات پر شوبز حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے، ساتھی فنکاروں نے کہا کہ وہ اپنی مزاحیہ اداؤں اور برجستہ جملوں کے باعث نہ صرف تھیٹر بلکہ فلمی دنیا میں بھی پہچانے جاتے تھے، ان کا خلا برسوں پورا نہیں ہو سکے گا ۔



