
یہ افسوسناک واقعہ ایران کے شہر بم میں جاری ایک میوزک فیسٹیول میں پیش آیا، جہاں وہ اسٹیج پر پرفارم کر رہے تھے۔
اسی دوران اچانک طبیعت بگڑنے پر وہ گر پڑے اور انہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں نے دو بار دل کی بحالی (Cardiac Resuscitation) کی کوشش کی اور آئی سی یو میں منتقل کیا، مگر وہ جانبر نہ ہو سکے۔
امید جہاں 1982ء میں جنوبی ایران کے شہر آبادان میں پیدا ہوئے۔ وہ نامور موسیقار محمود جہاں کے بیٹے تھے اور اپنے والد کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے موسیقی کی دنیا میں قدم رکھا۔
ان کا منفرد انداز یہ تھا کہ انہوں نے جنوبی ایران کی لوک موسیقی کو پاپ رنگ میں ڈھال کر نئی جہت دی، جس نے انہیں عوام میں بے حد مقبول بنایا۔
یہ بھی پڑھیں:یوٹیوبرز رجب بٹ، اقرا کنول، ارم محمود کو دوبارہ طلبی کا نوٹس
انہوں نے اپنی زندگی کا پہلا باضابطہ البم 34 برس کی عمر میں ریلیز کیا، جو شائقینِ موسیقی میں انتہائی پسند کیا گیا۔ ان کے گانے نہ صرف ایران بلکہ بیرونِ ملک بسنے والی ایرانی کمیونٹی میں بھی بے پناہ مقبول ہوئے۔
ان کی اچانک موت کی خبر نے مداحوں اور موسیقی کے حلقوں کو گہرے صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔ سوشل میڈیا پر بھی مداحوں نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے لکھا کہ امید جہاں اپنی دلکش آواز اور منفرد انداز کے باعث ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔



