سینئر اداکار عشرت عباس خلیل انتقال کر گئے
 ریڈیو، ٹی وی، اسٹیج اور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے ورسٹائل فنکار عشرت عباس خلیل خالق حقیقی سے جاملے۔
فائل فوٹو
پشاور: (ویب ڈیسک) ریڈیو، ٹی وی، اسٹیج اور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے ورسٹائل فنکار عشرت عباس خلیل خالق حقیقی سے جاملے۔

اداکار عشرت عباس خلیل خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں پیدا ہوئے، انہوں نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز تھیٹر سے کیا، جس کے بعد انہوں نے ٹیلی ویژن کی دنیا میں قدم رکھا۔

انہوں نے پی ٹی وی کے مشہور ڈراما سیریلز اور اسٹیج ڈراموں میں قدرتی ڈائیلاگ ڈلیوری اور جذباتی گہرائی سے ناظرین کے دلوں میں خاص مقام بنایا،عشرت عباس نے ہندکو، پشتو اور اردو ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

عشرت عباس ثقافتی پروگراموں میں بھی پیش پیش رہے تھے، خیبر پختونخوا میں پرفارمنگ آرٹس کی ترویج کے لیے بھی انہوں نے بڑھ چڑھ کر اپنا حصہ ڈالا۔

اداکار عشرت عباس خلیل کو ان کی شاندار فنکارانہ خدمات کے اعتراف میں متعدد ایوارڈز سے نوازا جا چکا تھا، انہیں تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹک ٹاک بناتے ہوئے نوجوان دریائے ستلج میں ڈوب گیا

یاد رہے کہ عشرت عباس کے بھائی عمر دراز خلیل بھی ایک معروف فلم اور ٹی وی اداکار تھے، جن کا انتقال 2016 میں ہوا تھا۔

سرکاری میڈیا کے مطابق اداکار عشرت عباس خلیل زائد العمری میں دل کا دورہ پڑنے سے جانبر نہ ہو سکے اور خالق حقیقی سے جا ملے۔

مرحوم عشرت عباس کی نماز جنازہ ان کے آبائی شہر پشاور میں ادا کی گئی، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد شریک ہوئے، بعد ازاں مقامی قبرستان میں ان کی تدفین کردی گئی۔

ان کے انتقال پر شوبز شخصیات، ساتھیوں، مداحوں اور خاندان کے اراکین نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔