
ذرائع کے مطابق ٹک ٹاکر سامعہ حجاب نے ہراساں اور اغوا کی کوشش کرنے والے ملزم حسن زاہد کو فی سبیل اللہ معاف کردیا۔
دوسری جانب پولیس کی جانب سے ملزم حسن زاہد کو جسمانی ریمانڈ مکمل پر عدالت کے روبرو پیش کیا گیا، پراسیکیوشن کی جانب سے ملزم کے مزید 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی جو عدالت نے مسترد کردی اور ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا۔
واضح رہے کہ یکم ستمبر کو ملزم حسن زاہد کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ شالیمار میں ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کو ہراساں کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹک ٹاکر سامعہ حجاب کو جان سے مارنے کی دھمکیاں ملنے کا انکشاف
تھانہ شالیمار میں درج مقدمہ میں مدعی سامعہ حجاب نے مؤقف اپنایا تھا کہ ملزم حسن زاہد کئی روز سے تعاقب کرتا رہا اور بار بار تحائف دے کر دباؤ ڈالا جس کے بعد 31 اگست شام ساڑھے 6 بجے گھر کے باہر زبردستی ساتھ لے جانے کی کوشش بھی کی۔
سامعہ حجاب نے الزام عائد کیا کہ ملزم حسن زاہد نے کھلے عام بدلہ لینے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں، ٹک ٹاکر نے سوشل میڈیا پر ویڈیو بیان جاری کر کے اپنی جان کو سنگین خطرات لاحق ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا تھا۔
ٹک ٹاکر نے آئی جی اسلام آباد سے درخواست کرتے ہوئے مزید کہا کہ میری طرح کی ہراسگی کی شکار دیگر لڑکیوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے ، اگر مجھے کچھ ہوا تو اس کی ذمہ داری اس شخص (حسن زاہد ) پر عائد ہوگی۔



